کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی فاسٹ بولر محمد حسنین نے بولنگ ایکشن مشکوک قرار دیئے جانے کے بعد جذبات سے بھرپور بیان میں کہا ہے کہ پی ایس ایل اور اپنی ٹیم چھوڑ کر جارہا ہوں، انشااللہ جب واپس آؤں گا تو اپنی تمام کمزوریاں دور کرکے آؤں گا۔ حسنین کا بولنگ ایکشن جنوری میں آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کے دوران امپائر نے بولنگ ایکشن رپورٹ کیا تھا جس کے بعد لاہور کی لیبارٹری میں فاسٹ بولر کے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ ہوا۔ رپورٹ میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسپیڈ اسٹار محمد حسنین کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دیا گیا جس کے بعد سے وہ معطل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ادھورا چھوڑ کر جانابہت مشکل ہے، بگ بیش لیگ سے قبل میں بہت زیادہ کرکٹ کھیل چکا تھا لیکن کبھی نہیں سوچا تھا کہ ان کا بولنگ ایکشن بھی غیرقانونی قرار دیا جاسکتا ہے۔