• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لتا نے بپی کا کیرئیر بنانے میں کیسے مدد کی تھی؟

لتا جی مجھے سپورٹ نہ کرتیں تو شاید میں ایک کامیاب گلوکار نہ بنتا، بپی لہری
لتا جی مجھے سپورٹ نہ کرتیں تو شاید میں ایک کامیاب گلوکار نہ بنتا، بپی لہری

مایہ ناز بھارتی گلوکار و کمپوزر بپی لہری کے مطابق لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر نے اُن کا کیرئیر بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2012 کے انٹرویو میں، بپی لہری نے کہا تھا کہ میں 4 سال کا تھا جب کلکتہ کے ایڈن گارڈن علاقے میں جہاں ہم رہتے تھے، لتا جی نے گھر آکر مجھے آشیرواد دیا، میرے پاس اب بھی اُن کی گود میں بیٹھے ہوئے تصویر ہے۔

بپی لہری نے کہا کہ لتا جی نے میرے والد کے لیے بہت سے بنگالی گانے گائے جو کلکتہ میں ایک مشہور موسیقار تھے، اُنہوں نے میرا بہت ساتھ اور میری پہلی کمپوزیشن اپنی آواز میں گائی جوکہ بنگالی فلم میں شامل کیا تھا، اگر وہ میرے لیے نہ گاتی تو میں کیرئیر نہیں بنا سکتا تھا۔

 اُن کا مزید کہنا تھا کہ اگر لتا جی مجھے سپورٹ نہ کرتیں تو شاید میں ایک کامیاب گلوکار نہ بنتا۔

واضح رہے کہ مایہ ناز بھارتی گلوکار و کمپوزر بپی لہری ممبئی کے کریٹی کیئر اسپتال میں 69 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

ایک ماہ تک اسپتال میں رہنے والے بپی لہری کو پیر کو اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا، منگل کو ان کی طبیعت بگڑنے پر اہلِ خانہ نے ڈاکٹر کی موجودگی میں انہیں اسپتال منتقل کیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے اور چل بسے۔

بپی لہری کو بالی ووڈ کا راک اسٹار کہاجاتا تھا، بپی لہری سینے میں انفیکشن کے باعث ممبئی کے کریٹی کیئر اسپتال میں داخل تھے۔

کریٹی کیئر اسپتال میں بپی لہری کے معالج ڈاکٹر دیپک نے بپی لہری کے انتقال کی تصدیق کی اور بتایا کہ جب بپی لہری کو اسپتال لایا گیا تو ان کا بلڈ پریشر کم تھا۔

ڈاکٹر کے مطابق اسپتال لانے پر بپی لہری کی طبعیت بحال کرنےکی کوشش کی گئی لیکن بہت دیر ہو چکی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید