• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ میں انتظامی اور جوڈیشل اختیارات سے متعلق کمیٹیوں کی تشکیل نو

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے سپریم کورٹ میں انتظامی اور جوڈیشل اختیارات سے متعلق کمیٹیوں کی تشکیل نو کردی۔

ہفتہ کے روز سپریم کورٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس بلڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے، کمیٹی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ شامل ہیں، کمیٹی سپریم کورٹ عمارات، ججز گیسٹ ہاوسز وغیرہ کے معاملات دیکھے گی۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو سپریم کورٹ ریسرچ سینٹر افیئرز کمیٹی کا انتظامی جج تعینات کیا گیا ہے، کمیٹی میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس منصور علی شاہ شامل ہیں، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ لا کلرک پروگرام کمیٹی کے سربراہ ہونگے، کمیٹی میں جسٹس مظہر عالم میاں خیل بھی شامل ہونگے۔

رکنی کمیٹی لا کلرکوں کی تقرریوں کی سفارشات کریگی،جسٹس قاضی فائز عیسی کو آن ریکارڈ انرولمنٹ کمیٹی کا چیئرمین بھی تعینات کیا گیا ہے، کمیٹی میں جسٹس مقبول باقر، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس قاضی امین شامل ہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بلوچستان کی انسداد دہشت گردی عدالتوں کے معاملات کے مانیٹرنگ جج مقرر کیے گئے ہیں، جسٹس طارق مسعود کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کا مانیٹرنگ جج مقرر کیا گیا ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن کو پنجاب کی انسداد دہشت گردی عدالتوں کا مانیٹرنگ جج مقرر کیا گیا ہے، جسٹس مظہر عالم میاں خیل خیبر پختونخوا کی انسداد دہشت گردی عدالتوں کے مانیٹرنگ جج مقرر کیے گئے ہیں، اعلامیے کے مطابق جسٹس سجاد علی شاہ سندھ کی انسداد دہشت گردی عدالتوں کے مانیٹرنگ جج مقرر کیے گئے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید