• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹینس دنیا کا دوسرا بڑا کھیل ہے جس کے ایونٹ پورے سال جاری رہتے ہیں، پڑوسی ملک بھارت میں ٹینس پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے وہاں کئی بڑی بڑی اکیڈمیاں قائم کی گئیں ہیں جہاں کھلاڑیوں کوتربیت دی جاتی ہے ۔ وہاں کی ٹینس کا قومی اور عالمی معیار پاکستان سے کئی درجے بہتر ہے۔اس وقت بھارت میں ٹینس کے کئی ٹاپ کھلاڑی موجود ہیں۔ پاکستان میں بھی یہ کھیل بڑے بڑے ذوق و شوق سے کھیلا اور دیکھا جاتا ہے ۔ حکومت کی عدم توجہی کی وجہ سےپاکستان میں یہ کھیل خاص ترقی نہیں کرسکا ۔ 

اعصام الحق قریشی واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے دنیائے ٹینس میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ ڈیوس کپ مقابلوں میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی کا تناسب زیادہ اچھا نہیں ہے۔ قومی سطح پر عقیل خان واحد مرد کھلاڑی رہے ہیں جنہوں نے کئی دہائیوں تک پاکستان نمبر ون رہنے کا اعزاز حاصل کیا۔ پاکستان کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد میں ٹینس کے ایونٹس کاباقاعدگی سے انعقاد ہوتا ہے لیکن پاکستان ٹینس فیڈریشن کھیل کو اس مقام تک پہنچانے میں ناکام رہی ہے جس کا یہ کھیل متقاضی ہے۔ 

کراچی میں گزشتہ کئی سالوں سے ٹینس کے باقاعدہ ایونٹس کا انعقاد ہورہا اور قومی ٹینس عہدیدار مختلف اسپانسرزسے رقوم حاصل کرکے اور کھلاڑیوں سے فیس وصول کرکے ہر دوسرے ماہ ٹینس میلہ سجاتے ہیں اور شاندار انداز میں اس کا اختتام کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود کئی سالوں سے یہاں کوئی قابل ذکر کھلاڑی سامنے نہیں آرہا ۔ شمسی اکیڈمی کے مالک اور سابق ٹینس کھلاڑی خالد جمیل شمسی اور ان کے بیٹے نمیر شمسی جو عالمی ٹینس کوچ ہیں نے ٹینس میں پاکستان کی خراب صورت حال کوبہتر کرنے بیڑا اٹھایا ہے اور باضابطہ ٹینس کی ترقی کیلئے میدان عمل میں آئے ہیں۔ 

انہوں نے شمسی ٹینس اکیڈمی کے زیراہتمام اورکےپی ٹی کے تعاون سے پہلی کے پی ٹی خواتین ٹینس لیگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ایونٹ کی قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں سے کوئی فیس وصول نہیں کی جارہی۔ انہوں نے بغیر فیس کا ایونٹ کرانے کیلئے کے پی ٹی کے اسپورٹس آفیسر حسن عسکری سے بات کی جس پر انہوں نے کے پی ٹی کے چیئرمین چیئرمین نادر ممتاز وڑائچ سے خصوصی درخواست کی اور چیئرمین نے چیمپئن شپ کیلئے پانچ لاکھ روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا۔ 

چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نادر ممتاز کا کہنا تھا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ اس ایونٹ کے بعد اب تواتر کے ساتھ کھیلوں کے مقابلوں منعقد کئے جائیں گے ۔ کے پی ٹی میں ٹیبل ٹینس ، ٹینس، کرکٹ ، فٹ بال گرائونڈ پر خصوصی توجہ دیکر انہیں مزید بہتر کیا جائے گا۔ہم اس شہر کے بچوں کو مثبت سرگرمیاں فراہم کرنا چاہتے ہیں تاکہ ہمیں ایک اچھا معاشرہ مل سکے۔

خواتین ٹینس ایونٹ کیلئے خصوصی طور پر فندز فراہم کئے ہیں اورآئندہ بھی خواتین ایونٹس کرائیں گے۔ اس موقع پر اسماء علی شاہ، فیروز گلزار، غلام محمد خان، ڈاکٹر امجد اور دیگر موجود تھے۔ ٹینس لیگ27 مارچ تک کراچی پورٹ ٹرسٹ اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلی جائے گی جس میں انڈر 12اور انڈر 16سنگلز اور ڈبلزکے مقابلےہوں گے۔ تمام میچز ویک اینڈ (ہفتہ اور اتوار)دوپہر 2تا شام 5بجے تک کھیلے جائیں گے۔

خالد جمیل شمسی نے جنگ کو بتایا کہ لیگ کےانعقاد سے نچلی سطح پر نہ صرف ٹینس کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ نئے ٹیلنٹ کو بھی متعارف کرایا جاسکے گا۔ انہوں نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئر مین نادر ممتاز جو کہ کھیلوں کے فروغ اور کھیل و کھلاڑیوں سے محبت اور شفقت کرتے ہیں انہوں نے پہلی خواتین ٹینس لیگ کے انعقادپر بھرپور تعاون کیا اور ہماری سوچ سے زیادہ انعامی رقم کا اعلان کیا ۔ شمسی اکیڈمی کے زیراہتمام ہونے والا خواتین کا ٹورنامنٹ ٹینس کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانے کا سبب بنے گا۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید