پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے پلے آف مرحلے کے دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فائنل سے پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے بڑے مقابلے میں میچ کبھی ایک طرف تو کبھی دوسری طرف ہوتا رہا اور بالآخر شاہین شاہ آفریدی الیون فاتح ٹھہری۔
لاہور قلندرز کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی ٹیم 19 اعشاریہ 4 اوورز میں 162 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
آصف علی کے آؤٹ ہونے سے پہلے تک اسلام آباد کی میچ پر گرفت بہتر تھی تاہم اس کے بعد میچ میں غیر یقینی کی صورتحال غالب آگئی، جس کا فائدہ لاہور قلندرز کے ڈیوڈ ویسا نے آخری اوور میں بھرپور انداز میں اٹھایا اور 4 گیندوں پر صرف 1 رنز دے کر ایک وکٹ اپنے نام کرلی۔
اسلام آباد کی طرف سے اعظم خان 40، ایلکس ہیلز 38، آصف علی 25 کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے جبکہ شاداب خان 14، پال اسٹرلنگ13 اور لیم ڈوسن 12 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی، حارث رؤف اور زمان خان نے 2،2 جبکہ ڈیوڈ ویسا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل لاہور نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 168 رنز بنائے اور مقابل ٹیم کو 169 رنز کا ہدف دیا، عبد اللہ شفیق واحد نصف سنچری میکر تھے جبکہ دیگر میں کامران غلام 30، محمد حفیظ 28، سمت پٹیل21 بناکر پویلین لوٹ گئے۔
قلندرز کی طرف سے ڈیوڈ ویسا نے آخری اوور میں 26 رنز بنائے اور ٹیم کو قابل دفاع ہدف تک پہنچا دیا، انہوں نے 8 گیندوں پر28 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انہوں نے اس دوران 3 چھکے اور 1 چوکا لگایا۔
اسلام آباد کے لیم ڈوسن اور محمد وسیم نے 2،2 جبکہ وقاص مقصود اور شاداب خان نے 1،1 کھلاڑی کو پویلین کا راستہ دکھایا۔
لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، دونوں ٹیمیں پی ایس ایل میں اب تک 15 مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ 9 مرتبہ فاتح رہا جبکہ 6 میں لاہور قلندرز نے اسے شکست سے دوچار کیا۔
پی ایس ایل میں اسلام آباد اور لاہور کے درمیان آخری 6 مقابلوں میں قلندرز 4 اور یونائیٹڈ 2 میں فاتح رہی ہے جبکہ پی ایس ایل 7 میں یہ ٹیمیں 3 بار مدمقابل آئیں اور ہر بار شاہین شاہ آفریدی الیون فاتح رہی۔
لاہور قلندرز پی ایس ایل 7 میں پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر کی ٹیم تھی، جیسے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے 20 رنز سے شکست سے دوچار کیا اور فائنل میں جگہ بنائی۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان ٹاس کےلیے میدان میں اترے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے ول جیکس، ایلکس ہیلز، پال اسٹرلنگ، شاداب خان، عظمت خان، آصف علی، لیم ڈوسن، حسن علی، محمد وسیم، اطہر محمود اور وقاص مقصود میدان میں اترے۔
لاہور قلندرز نے عبداللہ شفیق، فخر زمان، کامران غلام، محمد حفیظ، ہیری بروک، سمت پٹیل، فل سالٹ، ڈیوڈ ویسا، شاہین شاہ آفریدی، حارث روف اور زمان خان کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔