ویانا(نمائندہ جنگ) سابق وزیر داخلہ ،پی پی کے رہنما اور آل پاکستان پریس کلب آسٹریا کے چیئرمین،سینئر صحافی اکرم باجوہ کے ماموں سینیٹر رحمان ملک کواسلام آباد میں سپرد خاک کردیا گیا ۔رحمان ملک کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد گزشتہ کئی دنوں سے وینٹی لیٹر پر تھے۔ان کی عمر 70برس تھی ، مرحوم رحمان ملک نے سوگواران میں بیوہ اور 2 بیٹےسوگور چھوڑے ہیں۔ وہ 1951 میں سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، انہوں نے کراچی یونیورسٹی سے ایم ایس سی شماریات کی ڈگری حاصل کی اور انہیں کراچی یونیورسٹی نے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری بھی دی۔رحمان ملک پیپلز پارٹی کی طرف سے 2018 سے سینیٹ کے رکن تھے وہ 2008 سے 2013 تک پاکستان کے وزیر داخلہ رہے۔ سیاست میں آنے والے قبل وہ ایف آئی اے کے سربراہ بھی رہے۔ سینیٹر رحمان ملک کو ان کے بہترین کارکردگی کے بنیاد پر حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ شجاعت اور نشان امتیاز سے نوازا گیا۔سینیٹر رحمان ملک کا شمار محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے با اعتماد اور وفادار ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ ان کی وفات پر پیپلز پارٹی کی قیادت اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ و غم کا اظہار کیا اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی ہے۔