اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق سینیٹر فیصل واوڈا کی خالی نشست پر الیکشن روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔ منگل کو سپریم کورٹ میں فیصل واوڈا نااہلی کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے 9مارچ کو سابق وزیر کی خالی کردہ نشست پر الیکشن روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ الیکشن کمیشن منتخب نمائندوں کو تاحیات نااہل قرار دے سکتا ہے یا نہیں اس پروضاحت ضروری ہے، الیکشن کمیشن جوڈیشل اختیارات کس حد تک استعمال کرسکتا ہے اس کا فیصلہ ضروری ہے۔سپریم کورٹ نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے، الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو دیکھنا ہوگا۔عدالت نے کہا کہ 9 مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کا نتیجہ عدالتی فیصلے سے مشروط ہوگابعد ازاں سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی گئی ۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے دوہری شہریت کیس میں سابق وزیر فیصل واوڈا کو نااہل قرار دیا تھا۔