• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوکرین میں ہلاک بھارتی طالب علم کا بھائی مودی سرکار پر برس پڑا

یوکرین میں روسی افواج کے حملے میں ہلاک ہونے والے بھارتی طالب علم نوین کے بڑے بھائی مودی سرکار کی بروقت کارروائی نہ کرنے پر اپنی حکومت پر برس پڑے۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوین کے بڑے بھائی نے کہا کہ میرا بھائی گھر کا سامان لینے کے لیے باہر گیا تھا کیونکہ اسے خارکیف چھوڑ کر سرحدوں کی طرف جانا تھا اور اس نے رات 1:30 بجے کے قریب ٹرین پکڑنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

نوین کے بڑے بھائی نے مودی سرکار پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بروقت کارروائی نہیں کی، کاش حکومت تیزی سے کام کرتی تو آج میرا بھائی زندہ ہوتا۔

اُنہوں نے مودی سرکار سے سوال کیا کہ میرے بھائی کی موت سے قبل وہاں سے انخلاء کے لیے مزید پروازیں کیوں نہیں آرہی تھیں؟

نوین کے بڑے بھائی نے کہا کہ اب اُنہیں صرف اپنے بھائی کے دوست اور یوکرین میں پھنسے دیگر افراد کے محفوظ گھر لوٹنے کی خواہش ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی گاؤں کے دو طالب علم ہیں جو یوکرین میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور میرے بھائی کے ساتھ رابطے میں تھے، ان کے والدین بہت پریشان ہیں۔

یاد رہے کہ خارکیف میں فضائی حملے کے دوران ہلاک ہونے والا نوین میڈیکل کا فائنل ایئر کا طالب علم تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نوین اس وقت ہلاک ہوا جب روسی فوجیوں نے ایک سرکاری عمارت کو دھماکے سے اڑا دیا۔

اس حوالے سے نوین کی ساتھی طلبہ پوجا نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ وہ گورنر ہاؤس کے قریب رہتا تھا اور کھانے کے لیے قطار میں کھڑا تھا، اچانک ایک فضائی حملہ ہوا جس نے گورنر ہاؤس کو اڑا دیا اور وہ مارا گیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید