کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان“ کے آغاز میں پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما ن لیگ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران کی تقریر ایٹمی مل کے سربراہ کی نہیں فلمی کردار مولا جٹ کی تھی، وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیر اعظم کا جلسہ کامیاب تھا انہوں نے جو بھی باتیں کیں وہ حقائق پر مبنی تھیں، صدر پلڈاٹ احمد بلال محبوب نے کہا کہ اگر نااہل کرنے کی نوبت آئی تو اس میں بھی تقریباً2 مہینے لگ سکتے ہیں۔ پروگرام کے آغاز میں میزبان شہزاد اقبال نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی کوششوں کے بعد وزیراعظم عمران خان نے بھی آج اپوزیشن کو واضح جواب دے دیا ہے۔ وزیراعظم نے آج وہاڑی میں جلسے سے خطاب میں اپوزیشن کو دھمکی دی کہ اپوزیشن تحریک عدم اعتمادلانے کی جو بھی کوشش کرلے وہ اس کے لئے تیار ہیں۔ لیکن اپوزیشن یہ بتائے کہ اگر ان کی یہ تحریک ناکام ہوگئی تو اس کے بعد جو میں آپ کے ساتھ کروں گاتو کیا اپوزیشن اس کیلئے تیار ہے۔ رہنما ن لیگ احسن اقبال نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج جو عمران نیازی نے تقریر کی ہے وہ قطعاً ایک ایٹمی ملک کے سربراہ کی تقریر نہیں تھی بلکہ وہ کسی فلمی مولا جٹ کے کردار کی تقریر تھی۔