• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

’’کلاؤڈ کچن‘‘ اس کے ذریعے نہ صرف ریستوران بلکہ ہوم شیفس بھی آرڈرز حاصل کرسکتے ہیں

موجودہ ترقی یافتہ دور میں جدید ٹیکنالوجی نے ہر وہ کام ممکن بنادیا ہے، جس کاماضی میں تصوّربھی نہیں کیا جاتا تھا۔ اُس وقت جدید ٹیکنالوجی صرف انگریزی فلموں میں ہی دیکھی جاتی تھی۔ یہ سب حقیقت بن جائے گا، اس کا تو تصوّر بھی نہیں کیا تھا۔ ابتدا میں آئی ٹی میں جِدّت آئی ،پھر آئن لائن شاپنگ کا رجحان پروان چڑھا۔ بعدازاں دیکھتے ہی دیکھتے ایسی ایپس متعارف کرائی گئیں جن کے ذریعے گھر بیٹھے چیزیں منگوانا ممکن ہوگیا۔

کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ایک دور ایسا بھی آئے گا جس میں ایک بٹن دبانے پر چند منٹوں میں چیزیں حاصل کرلی جائیں گی۔ غور کریں تو یہ سب ایک خواب کی مانند لگتا ہے۔ مستقبل میں آنے والی ٹیکنالوجی تو اور زیادہ جِدّت سے بھر پور ہوگی۔ اس ضمن میں ایک نجی فوڈ ڈلیوری کمپنی نے ’’کلا ئوڈ کچن ‘‘ متعارف کرایا ہے۔

کمپنی کے مطا بق یہ اقدام ملک بھر میں فوڈ ڈلیوری کے تیزی سے بڑھتے ہوئے رجحان کو مد نظر رکھتے ہوئے اٹھایاگیاہے۔ فی الحال کراچی سمیت مختلف علاقوں میں سات کلائوڈ کچن فعال ہیں۔ یہ اپنی نوعیت کامنفرد کچن ہے، جس کے ذریعےنہ صرف ریستوران بلکہ ہوم شیفس بھی آرڈرز حاصل کرسکتے ہیں۔ ہوم شیفس کلائوڈ کچن کے ذریعے اپنے کام کواعلیٰ سطح پر باآسانی لے جاسکتے ہیں۔ اس میں بہ یک وقت تقریباً بارہ ریستوران اور ہوم شیفس اپنا کچن بنا سکتے ہیں۔ اسے بنانے کا مقصد کسی مخصوص علاقے میں صارفین کو خدمات پیش کرنا ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ اس نئے رجحان کے تحت ڈلیوری یا صرف ٹیک اوے کے حامل ریستوران بھی کاروباری طور پر فعال رہ سکتے ہیں۔ اس کی مدد سے صارفین ان علاقوں میں بھی رسائی حاصل کرسکتے جہاں پہلے ان کی رسائی ممکن نہیں تھی۔ کلائوڈ کچن کا ماڈل تیار کرتے وقت سامان کی تنصیب سے لے کرفوڈ ارتھارٹی کی ہدایت اور قابلِ اطلاق قوانین کے تحت کچن میں حفظان ِصحت کے اصولوں کا خیال رکھا جاتا ہے۔ 

کمپنی کی مینجر اور کارپوریٹ کمیونی کیشنز، طوبہ اقبال کا کہنا ہے کہ کلائوڈ کچن ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک نیا قدم ہے ،جس کی مدد سے لوگ کچھ ہی منٹوں میں گرما گرم کھانا منگواسکتے ہیں۔ اگر آپ کو کھانے سے متعلق کوئی شکایت ہو تو اس کا آپشن بھی ویب سائٹ پر موجود ہے۔

کمپنی کےہیڈ آف کمرشل اینڈ اینوویشن ارسلان محمود کے مطابق اس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ ہوم شیفس یا کمرشل فوڈ برانڈز کو بغیر کسی سرمایہ کاری کے اپنے کاروبار کو وسیع پیمانے پر لے جانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس طر ح کے اقدام صارفین کے لیے چیزوں کے حصول کو آسان سے آسان تر بنا رہے ہیں۔ مستقبل میں صارفین کے لیے کلاؤڈ کچن کو مزید بہتر بنانے کے لیےکام کیا جائے گا۔

سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے مزید
ٹیکنالوجی سے مزید