• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کو استعفے کیلئے کل تک کا الٹی میٹم، عمران خان امپائر کی انگلی سے اقتدار میں آئے، اب یورپ سے لڑوارہے ہیں، بلاول بھٹو

گوجر خان، لاہور،گجرات، وزیر آباد (نمائندہ جنگ،ٹی وی رپورٹ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاو ل بھٹو زرداری نے عمران خان کو الٹی میٹم دیا ہے کہ تمہارے پاس 24گھنٹے ہیں، مستعفی ہو جاؤ، اسمبلیاں توڑو اور ہمارا مقابلہ کرو، آپکو لگ پتا جائیگا کہ عوام کس کے ساتھ ہے.

عمران خان امپائر کی انگلی پر اقتدار میں آئے، اس شخص نے پاکستان کو جتنا نقصان پہنچایا شاید ہی کسی اور نے پہنچایا ہو،اب پاکستان کی یورپ سے لڑائی کرارہا ہے، وزیراعظم گھبرا کر گالم گلوج پر اتر آئے ہیں، جب کوئی مسئلہ آتا ہے تو عمران خان کسی اور کی طرف دیکھتا ہے، بس بہت ہو چکا۔

 اب انہیں گھر جانا ہوگا، امپائر کی غیر جانبداری کا پتہ تحریک عدم اعتماد آنے پر چلے گا،کٹھ پتلی کا ہر وعدہ جھوٹا،ہر بات پر یو ٹرن لیا، نالائقی کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں، کٹھ پتلی کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا، 18ویں ترمیم سے پہلے سارے پیسے اسلام آباد جاتے تھے، ہم نے پنجاب کو اس کا حق دلوایا، عدم اعتماد پر تمام سیاسی پارٹیاں مشترکہ جدوجہد کررہی اور متحد ہیں، ہمارالانگ مارچ شروع ہونے سے قبل ہی مضبوطی آئی ہے.

 اپوزیشن حکومت اور نالائق کو گھر بھیج کر عوام کے ریلیف کا بندوبست کرینگے، کامیابی اللہ کے ہاتھ میں ہے ہم نے پہلے بھی سینٹ کے الیکشن میں کرکے دکھا دیا ہے، ہمارا اصل ٹارگٹ وزیر اعظم ہے سلیکٹڈ کو ہٹا کر صاف شفاف الیکشن کا بندوبست کروانا چاہ رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجر خان، وزیر آباد، گجرات، سرائے عالمگیر،لالہ موسیٰ میں استقبالی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ عمران خان آپکے ووٹوں سے وزیراعظم نہیں امپائر کی انگلی سے بنے ہیں۔

یہ کسی اور وجہ سے اقتدار میں آئے ہیں۔ یہ شخص کسی عہدے کے لائق نہیں ہے۔ یہ جہاں بھی جاتے ہیں پاکستان کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ اب یورپ سے لڑائی کر رہاہے۔ یورپین کے پیچھے ایسے پڑ گیا ہے جیسے کشمیر فتح کیا ہو۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اس شخص نے پاکستان کو جتنا نقصان پہنچایا ہے اتنا کسی اور نے نہیں پہنچایا۔

انہوں نے خواتین، کسانوں، مزدوروں کا معاشی قتل کیا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ گجرات کے عوام نے بھی مطالبہ کر دیا ہے کہ ’’گو سلیکٹڈ گو‘‘۔ سندھ اور پنجاب کے بعد اسلام آباد زیادہ دور نہیں ہے۔ انہوںنے کہا کہ کٹھ پتلی کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا، ہر بات پر یو ٹرن لیا۔

انہوںنے بحران پیدا کئے، مہنگائی کا سونامی لیا ہے۔ انکی نالائقی کی وجہ سے آپ بوجھ اٹھا رہے ہیں۔ بجلی کی قیمت کی صورت میں پٹرول ا ور کھانے پینے کی اشیاءکی صورت میں جو انہوں نے انتہائی مہنگی کر دی ہیں۔ پورا ملک سراپا احتجاج ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی ایم ایف کی ڈیل نے مہنگائی کا سونامی پیدا کر دی ہے۔ انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کارڈ کو احساس کارڈ کردیا ہے تاکہ شہید بی بی کا نام مٹا سکے لیکن آج ہر عورت کے دل پر شہید بی بی کا نام لکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی ملک کو مشکل سے نکالا تھا اور ہم ہی ملک کو مشکل سے نکالیں گے۔ پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹو زرداری نے سرا ئے عا لمگیر میںخطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ کے اقتدار کی بوری میں سوراخ کر دیا ہے دانے ایک ایک کر کے نکلتے رہیں گے عدم اعتماد سے پہلے ہی عوام کو اس کٹھ پتلی سے نجات مل جا ئیگی پنجاب کے جیا لوں نے تاریخی استقبال کر کے ثا بت کیا پنجاب ایک بار پھر ذوالفقار علی بھٹو شہید، بے نظیر بھٹو شہید کا قلعہ ثا بت ہو گا جیا لوں نے ضیاء، مشرف آ مر کا ڈٹ کا مقا بلہ کیا ملک کے عوام ہمارے ساتھ ہیں عوام کی طاقت سے ملک، جمہوریت کو بچا نے کے لئے ہر قربانی دینے کا تیار ہیں پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی بقاء کے لئے عظیم قر با نیاں دی ہیں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کے عوام ہمارے ساتھ ہمارا راستہ اب کوئی بھی نہیں روک سکتا ۔

گوجر خان میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ آج جیالوں کی جدوجہد کا آخری دن ہے،کل عوام کی جیت ہوگی،قومی اسمبلی میں بھی پیپلز پارٹی نے شکست دی،اس وزیر اعظم کو نوکری سے نکالیں گے، دوسروں کو چور کہنے والا خود تاریخ کا سب سے بڑا چور ہے، وقت آگیا ہے اس وزیراعظم کو بے روزگارکریں۔

اہم خبریں سے مزید