مانچسٹر(غلام مصطفیٰ مغل)ساتھ ساتھ گروپ کی جانب سےپشاور بم دھماکے کے خلاف ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں شرکاء نے شہداکو خراج تحسین پیش کیا، نظامت کے فرائض سیکرٹری ساتھ ساتھ گروپ جاوید شاہ نے ادا کیئے ، پریس کلب آف پاکستان یوکے کے چیئرمین اعجاز افضل شیخ نے اس دھماکے کو پاکستان کے اتحاد اور یکجہتی کے خلاف سازش قرار دیا، محبوب الہیٰ بٹ نے کہا کہ ایک مخصوص مکتبہ فکر کو نشانہ بنایا گیا۔ پریس کلب آف پاکستان یوکے کے نائب صدر شوکت قریشی نے زور دیا کہ ملک میں تمام مکاتب فکر کو اعتماد میں لیا جائے، شہزاد مرزا نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کوفوری طور گرفتار کیا جائے ،اس موقع پر ساتھ ساتھ گروپ کے چیئرمین سیداظہر شاہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس ظلم وستم کو روکا جائے اور امام بارگاہوں کی سیکورٹی یقینی بنائی جائے ، علامہ شاہ جہاں مدنی نے کہا کہ اس خود کش بم دھماکے سے دشمن جہاں شیعہ سنی فسادات کروانا چاہتا ہے وہاں ملک میں موجود امن اور استحکام بھی دشمن کی آنکھ میں کھٹکتا ہے،انہوں نے بم دھماکے کو صرف ایک جماعت کے خلاف نہیں بلکہ پوری قوم کے خلاف سازش قرار دیا، اجلاس میں سید زاہد شاہ بخاری ،سعید احمد، رضوان کاظمی، شاہد نواز ،امجد مغل، عبدل باسط ، افضال احمد ، طاہر نوید اور رانا عبدل رؤف اور اقبال صدیقی نے شرکت کی،آخر میں شہدا کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔