کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کو ہرانے کے لئے پچ تیار ی میں احتیاط سے حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے اور اگلے میچوں کو فیصلہ کن بنانے کے لئے لوباؤنس والی پچ بنائی جائے گی ۔ پاکستان کا کمبی نیشن نیا تھا اس کے لیے بیٹنگ کے لیے سازگار پچ بنائی ۔ شائقین کو یقین دلاتا ہوں کہ سیریز میں فیصلہ میچوں کے لئے پچیں بنائی جائیں گی۔ ہمارے پاس پچیں بنانے کے لئے جادو چھڑی نہیں ہے۔ بدھ کو اپنے ویڈیو بیان میں رمیز راجا نے کہا کہ ہمیں آسٹریلیا کو ہرانے کے لئے احتیاط کے ساتھ اپنی حکمت عملی بنانا ہے۔ پاکستان میں پچیں لوبائونس بنتی ہیں جن پر گیند ریورس سوئنگ کرے۔ یہ تین ٹیسٹ کی سیریز ہے اور ابھی دو ٹیسٹ اور بہت کرکٹ باقی ہے ہم تیز پچ بناکر ہم ایڈوانٹیج کو ختم نہیں کرنا چاہتے تھے نہ جیت کو آسٹریلیا کی گود میں ڈالنا چاہتے تھے۔ سیزن ختم ہونے کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں پچاس سے ساٹھ پچ تیار کریں گے۔ ڈرا ٹیسٹ کی کبھی اچھی تشہیر نہیں ہوتی، آج کل پانچ دن میں نوے فیصد میچوں کا فیصلہ ہوجاتا ہے۔ میں نے جب پی سی بی کا چارج سنبھا لا تھا تو پہلی بڑی ہیڈلائن یہی آئی تھی کہ پاکستان میں پچوں کو از سر نو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔پاکستان میں پچاس سے ساٹھ پچز پر سیزن ختم ہونے کے بعد کام ہوگا۔ رمیز راجا نے کہا کہ حسن علی اور فہیم اشرف کے ان فٹ ہونے سے ہمارا پیس اٹیک متاثرہوا۔ عبداللہ شفیق اور امام الحق کی اوپننگ جوڑی نئی تھی۔ عبداللہ شفیق کی فارم پر کچھ تشویش تھی۔ یہی بحث ہورہی تھی کہ کیا آسٹریلیا کے بڑے پیس اٹیک کے خلاف وہ کھڑا ہوسکیں گے ۔ امام الحق کی سوا دو سال بعد واپسی ہورہی تھی۔ یاسر شاہ ان فٹ ہیں۔ زاہد محمو د ابھی تیار نہیں ہیں۔ آسٹریلیا کی ٹیم ابھی ایشیز سیریز جیت کر آئی ہے اور کرکٹ کی دنیا میں پاور ہائوس ہے۔ اتنی جلدی ہم اپنی ٹیم کو تجربات کی بھٹی میں اتارنا نہیں چاہتے تھے۔ رمیز راجا نے کہا کہ لوبائونس پچیں بنائی جائیں گی جن پر ہمارے اسپنرز آئوٹ کریں اور ایل بی ڈبلیو اور بولڈ کے امکانات بڑھیں۔ وہ ہمارا ایڈوانٹیج ثابت ہوگی۔ سیریز آگے چل کر دلچسپ ہوگی اس لئے کوئی حتمی رائے قائم کرنے سے گریز کیا جائے۔