کراچی (جنگ نیوز) 2026 کے دوران ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ریٹائرڈ آؤٹ کا فیشن چل پڑا ہے، جس نے شائقین اور ماہرین کے درمیان زبردست بحث چھیڑ دی ہے۔ پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو بگ بیش لیگ میں میچ کے دوران کپتان وِل سدرلینڈ نے واپس بلا لیا، حالانکہ وہ 23 گیندوں پر 26 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔ یہ فیصلہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا اور مداحوں نے اسے شرمناک قرار دیا۔ رضوان جاری ٹورنامنٹ میں بیٹنگ میں جدوجہد کر رہے ہیں اور آٹھ میچوں میں 167 رنز ہی بنا سکے ۔ وہ 2026 میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ریٹائرڈ آؤٹ ہونے والے چھٹے بیٹر بن گئے ۔ اس فہرست میں ویسٹ انڈیز کے رووسٹن چیز، نیدرلینڈز کے ٹِم پرنگل، ناردرن ڈسٹرکٹس کے جیٹ روال اور زیویئر بیل، اور سڈنی تھنڈر کے نک میڈنسن بھی شامل ہیں۔ چیز ایس اے 20 میں پریٹوریا کیپیٹلز کی نمائندگی کرتے ہوئے ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے، جبکہ پرنگل سپر اسمیش میں کمزور کارکردگی پر واپس بلا لیے گئے۔ روال، بیل اور میڈنسن کو بھی مختلف ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں اسی فیصلے کا سامنا کرنا پڑا۔ ان اقدامات نے ٹیموں کو فائدہ پہنچایا،مگر شائقین کھیل کی روح اور حکمتِ عملی پر سوالات اٹھاتے رہے۔