لاہور (جنگ نیوز) پاکستان سپر لیگ کی نئی فرنچائز سیالکوٹ نے لیگ میں ایک منفرد اور بین الاقوامی انداز متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیم کے مالک کامل خان نے کہا ہے کہ سیالکوٹ فرنچائز پی ایس ایل میں آسٹریلوی رنگ لے کر آئے گی اور یہ ٹیم صرف ایک فرنچائز نہیں بلکہ عوام کی ٹیم ہوگی۔ ایک مقامی اسپورٹس پلیٹ فارم کو انٹرویو دیتے ہوئے کامل خان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ ٹیم کی بنیاد آسٹریلوی پس منظر اور سوچ کے ساتھ رکھی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فرنچائز کی ملکیت او زیڈ گروپ کے پاس ہے، جس کا تعلق آسٹریلوی بیک گراؤنڈ سے ہے، اور اسی وجہ سے ٹیم کے انداز، منصوبہ بندی اور ٹیم کلچر میں آسٹریلوی جھلک نظر آئے گی۔ فرنچائز انتظامیہ کی نظریں غیرملکی کھلاڑیوں اور کوچز پر ہیں اور خاص طور پر آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی ایشیائی پیسیفک ریجن سے ٹیلنٹ شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ پی ایس ایل کا دائرہ عالمی سطح تک پھیل چکا ہے، جو پاکستان کرکٹ کے لیے خوش آئند ہے۔ غیرملکی بڑے ناموں کی شمولیت کا امکان موجود ہے، تاہم تمام فیصلے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ضابطوں اور طریقۂ کار کے مطابق کیے جائیں گے۔ پی سی بی کی جانب سے ڈرافٹ، ریٹینشن یا آکشن کے طریقۂ کار کے اعلان کے بعد ہی ٹیم کے کپتان، کوچ اور مینٹور کے نام سامنے آئیں گے۔ واضح رہے کہ سیالکوٹ فرنچائز کو 8 جنوری کو جناح کنونشن سینٹر میں ہونے والی نیلامی کے دوران او زیڈ ڈیولپرز نے ایک ارب 85 کروڑ روپے کی بولی دے کر حاصل کیا تھا، جو پی ایس ایل کی تاریخ میں توسیع کا دوسرا بڑا مرحلہ ہے۔