کراچی ( اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ میں آئی سی سی خواتین ورلڈکپ میں پاکستان کو جنوبی افریقا کے ہاتھوں چھ رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، یہ ایونٹ میں پاکستان کی لگاتار تیسری ناکامی ہے، گرین شرٹس منزل پر پہنچ کر ہمت ہار گئی۔ ماؤنٹ منگانوئی میں گرلز ان گرین کو آخری اوور میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد چھ رنز سےشکست ہوئی ۔ پاکستان ویمنز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا،فاسٹ بولرز نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا کو 223 رنز پرآئوٹ کردیا ،لورا ولورتھ نے 75 اور کپتان سونے لوس نے 62 رنز بنائے۔ فاطمہ ثنااور غلام فاطمہ نے 3 تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ابتدائی دو وکٹیں جلد گر گئیں، عمیمہ سہیل اور ندا ڈار نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو سہارا دیا دونوں بیٹرز نے بالترتیب 65 اور 55 رنز بنائے۔ عمیمہ سہیل اور ندا ڈار کے آؤٹ ہوتے ہی میچ کا رخ پلٹ گیا ۔ناہیدہ خان نے 40، سدرہ نواز نے 11، فاطمہ ثنا نے نو جبکہ سدرہ امین نے 12 رنز بنائے۔ آخری اوور میں جیت کیلئے دس رنز درکار تھے اور دو وکٹیں باقی تھیں لیکن پوری ٹیم ایک گیند قبل 217 پر آؤٹ ہو گئی۔جنوبی افریقا کی جانب سے شبنم اسماعیل نے3 ، نوئمریزین اورخاکانے2،2 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میںوکٹ کیپر سدرہ نواز کے شاندار کیچ نے دل جیت لئے۔ سدرہ نواز نے دانایا بیگ کی گیند پر برق رفتاری کے ساتھ پروٹیز بیٹر تیزمین برٹز کا شاندار کیچ تھاما تو گراؤنڈ میں موجود تماشائیوں نے دل کھول کر ان کی اس کاوش کو سراہا۔