اس ترقی یافتہ دور میں ماہرین حیران کن چیزیں متعارف کروارہے ہیں۔ اس ضمن میں ایک اسپورٹس کار تیار کی گئی ہے جو پانی اور خشکی دونوں میں چل سکتی ہے۔ ایسی سواری ایک عرصے تک تصورات اور سائنس فکشن میں ہی موجود تھی لیکن اب حقیقت کا روپ دھارچکی ہے۔ ہوور کرافٹ طرز کی کانسپیٹ کار کی قیمت ایک لاکھ ڈالرمقرر کی گئی ہے، جو رواں سال مارکیٹ میں فروخت کے لیے دستیاب ہوگی۔
اس گاڑی کا خیال بہت پرانا ہے، سب سے پہلے اس بارے میں 1950ء میں خیال کیا گیا تھا ،جس کو مختلف سائنس فکشن فلموں میں شامل کیا گیا۔ سب سے اہم با ت یہ ہے کہ ہوور کرافٹ گاڑی بجلی سے چلے گی ،جو رفتار کے معاملے میں فیراری ، ایم سی لارین اور بگاتی سے بھی تیز دوڑ سکتی ہے۔ اس گاڑی کا ڈیزائن امریکی انجینئر، وان مرسئیر نے پیش کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس کی سیٹ ایسی بنائی گئی ہے کہ جب آپ بیٹھیں گے تو ایسا محسوس ہوگا جیسے جنگی طیارے میں بیٹھ کر سفر کررہے ہیں۔ اس گاڑی کا ڈیشن بورڈ مکمل طور پر ڈیجیٹل ہے جب کہ اس میں پیٹرول انجن بھی ہے، تاکہ مشکل کے وقت بھی اس کو چلایا جاسکے۔