تحریر: شائستہ اظہر صدیقی، سیال کوٹ
ماڈل: اقرا عباسی
ملبوسات: اقرا
آرائش: دیوا بیوٹی سیلون
عکّاسی: عرفان نجمی
لے آؤٹ: نوید رشید
گرمی کی حدّت، ہوا کے لہجے سے رخصت ہونے لگی ہے، مگر سردی نے ابھی شدّت کے ساتھ دستک نہیں دی۔ سو، دو رُتوں کے درمیان بس ایک دل آویز سا وقفہ ٹھہرا ہوا ہے۔ سحری کی فضا میں رات کی خنکی کا ہلکا سا احساس باقی ہے، صُبح میں تازگی اور دھوپ میں آنے والے دِنوں کی گرم جوشی شامل ہوگئی ہے۔ دھوپ کی تیزی جسم و جاں کو بےقرار کرتی ہے، نہ سردی کی لہر پوری طرح اپنے حصار میں لیتی ہے۔
یوں کہیے، ایک معتدل سی کیفیت ہے۔ صحن میں رکھے گملوں کے پتّے شبنم کے چند قطروں کو سنبھالے ہوئے ہیں اور پھولوں کی پنکھڑیوں پر یہی شبنم ہیروں کی طرح چمکتی ہے۔ پھر شام کی گھنٹی بجتی ہے، اور دن جیسے سرِشام ہی رات کی ردا اوڑھنے لگتا ہے۔ اس موسم کی شام رنگوں، روشنیوں اور ملاقاتوں کا ایک حسین پیش خیمہ ہے، دلہن کے لباس پر کڑھت کے آخری ٹانکوں کی مانند سنہری کرنیں عمارتوں، دیواروں، درختوں کی شاخوں پر آن ٹھہرتی ہیں۔
ایسی دلبراں کیفیت میں گرمی کی آخری حدّت، بس ہوا کی یادداشت ہی میں کہیں باقی رہ جاتی ہے۔ سرما رُت دھیرے دھیرے، آہستہ آہستہ اپنی آمد کا اعلان کررہی ہے۔ جیسے روشنی اور سائے کا یہ امتزاج، رخصت ہوتے دن کی تمام تر خُوب صُورتی، حُسن و دل کشی کو اِک آخری منظر میں سمیٹ دینا چاہتا ہو۔
یوں گمان ہوتا ہے، جیسے اِس ’’موسمِ اعتدال‘‘ نے سب ہی کو خوشیوں کے جشن کی دہلیز پر لا کھڑا کیا ہے۔ ایسے سمے دھوپ کی تمازت باہر نکلنے کا شوق ماند کرتی ہے، نہ سرد ہوا کا تیکھا پن محفلوں کی رونق کو گھروں تک محدود رکھتا ہے۔ اور شاید اسی لیے موسمِ اعتدال میں شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کا رونق میلہ کچھ زیادہ ہی بھلا محسوس ہوتا ہے۔
وسیع لان، پھولوں سے سجے رستے، روشنیوں میں نہائے شادی ہالز اور شام کے آسمان تلے ترتیب دی گئی محفلیں۔ یہی وہ دن ہیں، جب گھروں میں تیاریوں کی چہل پہل بڑھنے لگتی ہے، دوست احباب کی آمد و رفت میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ الماریوں سے رنگا رنگ نفیس و دل نشین ملبوسات نکالے جاتے ہیں، رنگ و انداز، کڑھائیوں، سلائیوں کا انتخاب ہوتا ہے۔ رُوپ سروپ کی دھنک، کنگن، چوڑیوں کی کھنک، زیورات کی چمک دمک اور منہدی، گجروں کی مہک آنے والی تقاریب کے تصوّر کو مزید دل کش و حسین بنا دیتی ہے۔
جوں جوں شادی بیاہ اور دیگرتقاریب کا موسم اپنی رنگین آہٹوں کے ساتھ قریب آرہا ہے، الماریوں سے سلک، را سلک، جارجٹ، کھاڈی اورشیفون کے ملبوسات نکالے جا رہے ہیں۔ کہیں زری، گوٹے، تِلّے کے کام پرانگلیاں پھیر کر اُن کی کوالٹی، پائے داری چیک کی جا رہی ہے، تو کہیں چوڑیوں کے رنگ ملبوسات کے ساتھ میچ کیے جا رہے ہیں اور کہیں زیورات، جوتوں، میک اَپ اور ہئیر اسٹائلز کے انتخاب پر طویل مشاورت جاری ہے۔
یہی وہ دن ہیں، جب پرانے شناسا چہرے دوبارہ ایک ہی محفل میں جمع ہوتے ہیں، گھروں میں قہقہوں کی آوازیں، برسوں پرانی یادوں اور نئے قصّوں کے ساتھ تازہ ہو جاتی ہیں۔ کہیں ماں کے لیے بیٹی کا سجنا خواب کی تکمیل، کہیں بہن کے لیے بھائی کی شادی کے بے شمار ارمان اور کبھی کہیں کسی دوست، سکھی سہیلی سے برسوں بعد ہونے والی ملاقات، وقت کا طویل فاصلہ بھی بس چند لمحات میں سمیٹ کے رکھ دیتی ہے۔
تو چلیں، اِسی حُسن و جمال، رنگ و نُور، روشنیوں، خوشبوؤں کے سیلِ رواں ہی میں ہماری آج کی محفل پر بھی اِک نگاہِ التفات ڈال لیں۔ ذرا دیکھیے، چکن کاری کے آسمانی رنگ لباس کی خُوب صُورتی و دل آویزی کیسےمَن موہ رہی ہے۔
ایک طرف انتہائی باریک، نفاست بَھری بھری کڑھت کے ساتھ لیسز کی آرائش خُوب غضب ڈھا رہی ہے، تو ساتھ سِلک کے حسین پرنٹڈ دوپٹے کی ہم آمیزی بھی کسی شاہ کار سے کم نہیں۔
دوسرے پہناوے میں لائٹ بنفشی رنگ پر رنگ برنگ پھولوں کا سحر انگیز پرنٹ دیکھ کر یوں گمان ہو رہا ہے، جیسے موسمِ بہار لباس پر خُود اُتر آیا ہو۔
گلابی رنگ چُوڑی دار پاجامے کے ساتھ دوپٹے اور شرٹ کا حسین پرنٹ خُوب ہی لگّا کھا رہا ہے، بلامبالغہ دل کشی، تروتازگی کا ایسا احساس ہےکہ دیکھ کے ہی طبیعت شانت ہو جائے۔ اور پھر گہرے نارنجی رنگ جوڑے کی شان اور ٹھاٹھ تو بہت ہی نرالا ہے۔
قمیص کے پورے فرنٹ پر کی گئی بھرپور روایتی کڑھائی اورکڑھت ہی سے مزین شان داردوپٹا، لباس کی خوب صورتی کو چارچاند لگا رہا ہے، تو ساتھ ڈھاکا پاجامے طرز کے پلازو نے تو جیسے پہناوے کو کسی بھی محفل میں سب کی توجّہ اپنی طرف کھینچ لینے کا بہانہ بنا دیا ہے، جب کہ بیج شیڈڈ لباس کی سادگی ہی میں اِس کا اصل حسن پنہاں ہے۔
پلین فرشی شلوارکےساتھ، شارٹ شرٹ کے گلے، دامن اور آستینوں کی نفیس کٹ ورک ڈیزائننگ اور نیلے شیڈ میں دل کش بروشیا دوپٹے نے اِس عام سے پہناوے کو روایت و جدّت کے بہترین امتزاج کا لُک دے دیا ہے، تو سفید اور ہلکے زرد رنگ کے کامبی نیشن میں چکن کاری، کٹ ورک اور لیس ورک سے آراستہ و پیراستہ لباس کی جدت و ندرت کے تو کیا ہی کہنے۔ مانو، یہ ایک پہناوا، کئی وارڈروبز پر بھاری ہے۔