• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریر: شائستہ اظہر صدیقی، سیال کوٹ

ماڈل: سونیا راجپوت

ملبوسات: بِن نور

آرائش: دیوا بیوٹی سیلون

عکّاسی: عرفان نجمی

لےآؤٹ: نوید رشید

ہم جس دنیا میں جی رہے ہیں، یہاں توانائیوں اور وائبز (vibes) کا ایک ہجوم سا ہے۔ دل و دماغ پر براہِ راست اثر انداز ہونے والا ایک غیبی اثر ماحول میں ہرجگہ پھیلا ہوا ہے۔ ہر سُو ایک اَن کہی فریکوئنسی ہے۔ بےچینی کا شور، بےمروتی کی دھند اور کہیں کہیں اُمید کا ہلکا سا دیا بھی ٹمٹماتا ہے۔ دراصل انسانی فطرت تضادات کا مجموعہ ہے۔ قدرت نے اس کے اندر نیکی اور بدی، نور اور ظلمت، دونوں کے بیج بوئے ہیں۔

کچھ لوگوں کے الفاظ خلوص کی چاشنی اور اعمال اندھیروں میں روشنی لیے ہوتے ہیں، اس کے برعکس مصلحتوں کے لبادے اوڑھنے میں ماہر،خودغرضی کی تاریکی میں ڈوبے اور دوسروں کے راستے میں کانٹے بچھانے کو اپنی فتح سمجھنے والے کردار بھی آس پاس ہی بستے ہیں۔ سو، رویوں کا تھکا ہارا مسافرجب اپنے تخیّل میں پناہ لیتا ہے، تو نرم و لطیف جذبات اس کی رُوح کو سکون بخشتے ہیں۔

دُکھ کی گہری گھٹا میں تخیّل کی قوت آنسوؤں کو صبر اور عمل کو حکمت میں بدل دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ حقیقت کے کھردرے پن سے فرار ہو کر ایسے عالَم میں پناہ لینا جہاں روشنی، محبّت، خوشبو اور احساسات ایک عالمِ سرمستی میں محوِ رقص ہوں، یقیناً اپنے آپ میں اِک منفرد تجربہ ہے۔ بقول جاوید ندیم؎ ’’سُکھ کا حصول… اور دُکھ سے نجات… صرف دو ہی تو مسئلے نہیں ہیں زندگی کے… سُکھ اور دُکھ کے بیچ بھی تو مسئلے ہیں… زندگی کو جتنا سوچو گے… اُتنا الجھائے گی… مَیں آج تک خُود کو نہیں سمجھ سکا… پھر زندگی… دھوپ چھاؤں کا کھیل ہے… جس پر سورج کا اختیار ہے…اپنا نہیں۔‘‘

تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی معاشروں پر جمود طاری ہوا یا انسان نے وقت کے جبر کو محسوس کیا، اس نے تخیّل، ادب اور فنونِ لطیفہ ہی کا سہارا لیا۔ قدیم تہذیبوں میں خواہ وادیٔ سندھ کے نقوش ہوں، بابل کے معلق باغات یا کلاسیکی دَور کی شاعری اور سنگ تراشی، فنِ تخیل ہمیشہ انسانی رُوح کی بقا کا ضامن رہا۔ 

جب قدیم یونانی اور مشرقی مفکرین نے فلسفے کی گہرائیوں میں اُتر کر حُسن وجمال، خیر اور بھلائی کو پرکھا، تو انہیں بھی یہی معلوم ہوا کہ مادی دنیا سے بلند ہو کر ہی اصل سچائی اور دائمی مسرت تک پہنچا جا سکتا ہے۔ اور پھر تصوّر کی دنیا میں ایک نیا جہان آباد ہونے لگا۔ زندگی عارضی سہی، لیکن اسے خُوب صُورتی اور معنویت سے بھرنا خود انسان کے اپنے بس میں ہے۔ تصور کی دنیا آباد کرنا ایسے اندرونی سفر کا نام ہے، جہاں زندگی تمام تر تلخیوں کے باوجود ایک دل کش فسانے جیسی لگتی ہو۔

چلیں، آنکھیں بند کریں، اپنے باطن میں جھانکیں اور دیکھیں کہ اندر ہی اندر کہیں اُمید اور تخیّل کی دھنک اب بھی مُسکرا رہی ہے کہ اِسی دھنک سے رنگ چُرائے، آج کی پہننے اوڑھنے کی یہ محفل یوں سجی ہے کہ جیکارڈ فیبرک کے پِیچ رنگ بیس پر باریک دھاریوں والا پرنٹ، گلے پربٹن، ٹسلز، شرٹ کے بازوؤں، ٹراؤزر کے باٹم پر ایمبرائڈری، جب کہ دوپٹے پر ہلکے گلابی اور سُرمئی پھولوں کے بیل بُوٹے، ایک تِھری پیس ڈریس کی نفاست و ملائمت کو ایسا مقامِ عروج عطا کر رہے ہیں کہ دن کی کسی تقریب، کسی لنچ، ڈے آؤٹ پر پہننے کے لیے اِس سے موزوں ترین پہناوا بمشکل ہی ملے گا۔

اِسی طرح کاٹن کا ایک اور تھری پیس سوٹ گلابی زمین پر پھولوں کا بھرپور ڈیجیٹل پرنٹ لیے گلے پر سنہری و رنگین دھاگے کی شان دار کڑھت، دامن کے نفیس کٹ ورک اور لیس کی آرائش و زیبائش کے ساتھ نہایت حسین تاثر دے رہا ہے، یہ روایتی قمیص، شلوار اور کنٹراسٹ بلاک پرنٹڈ اسٹائل دوپٹے پر مشتمل پہناوا ہر ہلکی پُھلکی گیدرنگ کے لیے مناسب انتخاب ثابت ہو سکتا ہے۔ تیسرا ٹریڈیشنل سا پہناوا ہلکے پستئی یا ہرے رنگ کے فیبرک پر درختوں، شاخوں اور رنگ برنگے پھولوں کے باریک پرنٹ سے مزین ہے۔ قمیص کے گلے، آستینوں اور دامن پر نفیس سی ہم رنگ کڑھائی ہے، تو ساتھ میچنگ دوپٹا ہے۔

یہ تھیم کسی بھی گیٹ ٹوگیدر یا فطرت کے قریب کسی تقریب کے لیے بہترین چوائس رہے گا۔ پھر روز ریڈ کلر پر سنہری اور سفید روایتی پھولوں کا گھنا پرنٹ، گلے پر بھرپور سنہری کڑھت اور دامن پر دیدہ زیب بارڈرز کی شرٹ کے ساتھ اسٹریٹ پینٹ اسٹائل ٹراؤزر اور شیفون کا پرنٹڈ دوپٹا بھی کسی بھی فیسٹیو کاٹن ڈریس گرینڈ فنکشن کے لیے بےمثال انتخاب بن سکتا ہے، تو گہرے فیروزی شیڈ پر چھوٹے پھولوں کے پرنٹ سے آراستہ لانگ شرٹ، جس کے گلے پرچمکیلی کڑھائی کے ساتھ پلین اسکن رنگ، باٹم ایمبرائڈرڈ فٹڈ ٹراؤزر اور بولڈ بلیک اینڈ وائٹ زیبرا لائنز دوپٹے کے حسین ومنفرد کامبی نیشن نےایک الگ ہی فضا بنا رکھی ہے، آپ کی کسی بھی تقریب کو بآسانی ہزارہا چاند لگا دینے ہیں۔

بس، شرط یہ ہے کہ مَن اندر اُمید و تخیّل کی دھنک کچھ یوں بکھری ہو کہ دیکھنے والا بھی بے اختیار کہہ اُٹھے۔ ؎ ’’جگمگا اُٹھے ہیں اطراف و جوانب میں دِیے… شمعِ محفل کی پذیرائی میں پروانے لگے…مہ رُخوں کی بزم میں شرکت نظر آنے لگی… اور تصور میں دھنک کے رنگ لہرانے لگے… ہم پہ اِک مسحور کن سی کیفیت طاری ہوئی… اور ہم اس کیفیت میں جھوم کر گانے لگے۔‘‘

سنڈے میگزین سے مزید
جنگ فیشن سے مزید