• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ماڈل: نشرح
ماڈل: نشرح

تحریر: شائستہ اظہر صدیقی، سیال کوٹ

ماڈل: نشرح

ملبوسات : Garnet

میک اپ آرٹسٹ: Javed Bips

عکّاسی: عرفان نجمی

کوارڈی نیشن: عابد بیگ

لےآؤٹ: نوید رشید

شام نے دھیرے سے اپنا رُوپ بدلا، آسمان پر سرِشام ہی سنہری و ارغوانی لکیریں گھلنے لگیں، فضا میں سحرانگیز سی خنکی اتر آئی۔ قدرت نے آہستگی سے اِک دروازے پر دستک دی اور زرد، سنہرے اور تانبے جیسے دل کش رنگوں میں ڈھلتے پتّوں کی سوغات سمیٹے رنگوں کے ایک نئے جادوگر موسم کی آہٹ سُنائی دینے لگی۔

کبھی اَن کہی نظم کے الفاظ ورق پر بکھرتے دیکھنا ہو یا مدھم سُروں کا ہوا کے دوش پر طے ہوتا سفر تاکنا، دل کے بے وجہ اتھاہ گہرائیوں میں ڈوبتے منظر میں ڈُوبنا ہو یا حیات کے سود وزیاں کے گوشوارے کا احتساب کرنا، تو وقت نکال کر کسی پارک کے کونے میں رکھی لکڑی کی اُس ایک اکیلی بینچ کا انتخاب کیجیے کہ جس پر بیٹھ کر ہوا کا وہ ہلکا سا جھونکا محسوس ہوسکے، جو درختوں کو عمرِرفتہ کے بڑھتے بوجھ سے آزادی کا پروانہ سُناتا ہے۔

ہوا کے دوش پر زرد پتّوں کا رقص دل کی مدھم دھڑکنوں کے ساتھ مل کر ایسا لمحہ تخلیق کرتا ہے کہ جس سے محبّت نہ کرنا، مبتلائے عشق نہ ہوجانا گویا ناممکن ہے۔ بقول اسریٰ رضوی ؎ ’’زوال پر تھی بہار کی رُت… خزاں کا موسم عروج پر تھا…اداسیاں تھیں ہر ایک شے پر…چمن سے شادابیاں خفا تھیں…اُن ہی دنوں میں تھی مَیں بھی تنہا…اداسی مجھ کو بھی ڈس رہی تھی…وہ گرتے پتّوں کی سوکھی آہٹ…یہ صحرا صحرا بکھرتی حالت…ہمی کو میری کچل رہی تھی… مَیں لمحہ لمحہ سلگ رہی تھی…مجھے یہ عرفان ہوگیا تھا… حقیقت اپنی بھی کُھل رہی تھی…کہ ذات اپنی ہے یوں ہی فانی… جو ایک جھٹکا خزاں کا آئے…تو زندگی کا شجر بھی اُس پل… خموش و تنہا کھڑا ملے گا…مزاج اور خوش روی کے پتّے… دِلوں میں لوگوں کے، مثلِ صحرا…پِھریں گے مارے یہ یاد بن کر… کچھ ہی دنوں تک…مگر مقدر ہے ان کا فانی…کہ لاکھ پتّے یہ شور کرلیں…مزاج میں سرکشی بھی رکھ لیں…یا گریہ کرلیں اداس ہولیں…تو فرق اُسے یہ بس پڑے گا…زمین ان کو سمیٹ لے گی…ذرا سی پھر یہ جگہ بھی دے گی…کرشمہ قدرت کا ہے یہ ایسا…عروج پر ہے زوال اپنا…ہرایک کو ہے پلٹ کے جانا۔‘‘

ویسے اگر آپ نے خزاں کو صرف سوکھے پتّوں، اداس شاموں ہی تک دیکھا ہے، تو آپ نے ابھی اُس کا نصف رُوپ ہی دیکھا ہے۔ خزاں کی اصل گہرائی، جاہ وجلال اور فن کارانہ کمال صرف میپل کے درختوں پر آشکار ہوتا ہے۔ خزاں کا وہ کون سا رنگ ہے، جو میپل پر نہیں اُترتا۔ یوں کہیے، اس کے بناخزاں کا بیان ادھورا ہے۔

زندگی کے اختتام کو جشن بنانا کوئی میپلز سے سیکھے۔ ہرے بَھرے میپلز پر خزاں کی ابتدائی خنکی سب سے پہلا جادو کچّے پیلے رنگ میں جگاتی ہے تو تھوڑا آگے بڑھتا وقت تانبے ایسا گرم رُوپ عطا کرتا ہے۔ اور پھر سب سے نمایاں، دیرپا اور سب سے شاہانہ رُوپ آتشیں سُرخ کی صُورت ظاہر ہوتا ہے، جسے دیکھ کردل ودماغ دنگ رہ جاتے ہیں کہ زوال اتنا حسین و پُرجلال بھی ہوسکتا ہے۔

اپنے عروج کو لازوال الوداع کہتا شباب آخری تحفہ کائنات کے نام کرتا ہے۔ خزاں کی گہرائی آشکار کرنےکی خاطر کچھ پتّے محض چند روز کے لیے جامنی نکھار ایسا نایاب رنگ بھی اوڑھ لیتے ہیں، بالکل اُس مصرعے کی طرح، جو ہونٹوں پرآتے ہی دم توڑ جائے۔ فضا کی خنکی میں ایک خواب ناک ماحول گھول دینے کو کچھ پتّے نارنجی و گلابی جھلک بھی دکھلاتے ہیں۔ اور پھر… رنگوں کے اس آتشیں سفر کے بعد وہ وقت بھی آجاتا ہے، جب یہ پوری وضع داری کے ساتھ مٹّی کے ساتھ مٹّی ہوجانے کا ایک فیصلہ کر کے اپنا آخری رُوپ دھارتے ہیں اور بس، بھورے ہو جاتے ہیں۔ سچ پوچھیے تو زمین کا قالین ہوئے ان چرمراتے سوکھے پتّوں پر چلنا اپنی رُوح کے اندر سفر کرنے جیسا ہے۔

بہرکیف، اِس ’’خزاں رُت‘‘ میں ہماری موسمِ گل سی کلیکشن سے مستفید ضرور ہوا جا سکتا ہے۔ ذرا دیکھیے، سفید رنگ پر نیلے رنگ کی ہاتھ کےکام جیسی چارسوتی اسٹائل کی نفیس کڑھت کیا غضب ڈھا رہی ہے۔ پلین لباس کے گلے اور بازوؤں پرجلوہ خُوب ہے، تو ٹراؤزر کے چھوٹے چھوٹے بنچز کا بھی جواب نہیں۔ فیملی لنچ، یونی ورسٹی کےکسی ایونٹ کے لیے یہ لباس ایک لاجواب انتخاب ثابت ہوگا۔ پھر گہرے جامنی رنگ پہناوے پرگلے کی بیڈز لیس کے ساتھ بازوؤں اور دامن پر چکن کاری طرز، کٹ ورک ایمبرائڈری ہے، تو ساتھ پلین ٹراؤزر اور شیفون ہی کا پلین دوپٹا بہت کامپلمینٹ کررہا ہے۔ لیونڈر رنگ لباس پر جیومیٹریکل اسٹائل وائٹ کڑھت نے تو ایک عام سے لباس کو بھی بہت ہی خاص کردیا ہے۔

بلاشبہ، کسی بھی تہوار کے لیے اس جوڑے کی سلیکشن بہت ہی مناسب رہے گی۔ اسکن کلر کے ساتھ نیلے کا امتزاج کیسا کمال لگتا ہے، ہمارے اِس حسین انتخاب کو دیکھ کے جانیے۔ پیپلم اسٹائل شارٹ شرٹ کے ساتھ خُوب صُورت پلازو پرنیلے پھولوں کی چھوٹی چھوٹی بُوٹیاں اور بیلیں بہت ہی دل کش تاثر دے رہی ہیں اور لباس ماڈرن اور ٹریڈیشنل کا ایک حسین سنگم معلوم ہو رہا ہے۔ اور ہلکے پستئی رنگ میں گول دامن شرٹ کے فرنٹ پر رنگ برنگ کڑھت کے ساتھ پھول دار دوپٹے کی جاذبیت نے توجیسے پوری محفل ہی لُوٹ لی ہے۔ یقین کریں، یہ رنگ و اندازاپنا کرآپ خزاں میں بھی بہار ہی کی طرح خُوب کِھلی کِھلی، بہت مہکی مہکی ہی رہیں گی۔