تحریر: شائستہ اظہر صدیقی، سیال کوٹ
ماڈل: عینی
ملبوسات : Noorangi multi brand by Arosaly and Ayesha's closet
آرائش: دیوا بیوٹی سیلون
عکّاسی: عرفان نجمی
لے آؤٹ: نوید رشید
جیون کی اور آواز دیتی نظم، ندا فاضلی کے قلم سے نکلے کچھ الفاظ ملاحظہ فرمائیں ؎ ’’دھوپ میں نکلو، گھٹاؤں میں نہا کر دیکھو… زندگی کیا ہے، کتابوں کو ہٹا کر دیکھو… صرف آنکھوں سے ہی دنیا نہیں دیکھی جاتی… دل کی دھڑکن کو بھی بینائی بنا کر دیکھو… پتھروں میں بھی زباں ہوتی ہے، دل ہوتے ہیں… اپنے گھر کےدر و دیوار سجا کر دیکھو… وہ ستارہ ہے، چمکنے دو یوں ہی آنکھوں میں… کیا ضروری ہے اُسے جسم بنا کر دیکھو… فاصلہ نظروں کا دھوکا بھی تو ہوسکتا ہے… وہ ملے یا نہ ملے، ہاتھ بڑھا کردیکھو۔‘‘
دل، شُکرگزاری اور سرشاریٔ احساس سے اُس وقت لب ریز ہو جاتا ہے، جب لامتناہی وسعتوں میں پھیلی تمام تر رعنائیاں، بہاروں کے نکھرے نکھرے جاذبِ نظر رُوپ، شفق کی دل نشیں رنگینیاں، اور خوشیوں کے اَن گنت روشن زاویے سمیٹے زندگی، اپنے سب سے حسین و دل کش اور پُرمسرت رُوپ میں انسان کے سامنے آ جائے۔ اور زندگی کی سب سے بڑی خُوب صُورتی تو اُن پیاری ہستیوں ہی کی شکل میں سامنے آتی ہے کہ جن کی بے لوث محبّت، خلوص و شفقت سے انسان نکھرتا، سنورتا چلا جاتا ہے۔
پھر قدرت کے تخلیق کردہ مناظر بھی ایک الگ ہی چَھب رکھتے ہیں اور ایک نئےہی ڈھب سے جلوہ نُما ہوکر داد و تحسین سمیٹتے ہیں۔ نیز، زندگی کے حُسنِ لاجواب کا اِک رُوپ باطن کی شادابی بھی ہے، ہر شے میں جمال اور خیر دیکھنے کی صلاحیت۔ اور اگر جو کہیں احساسات، خوابوں، جذبوں کو لفظوں، نغموں یا رنگوں کے قالب میں ڈھالنا آ جائے، تو زندگی کے درد اور خوشی دونوں ہی الگ الگ رُوپ میں اُبھرتے دکھائی دیتے ہیں۔ بات یہ ہے کہ زندگی کی سُندرتا تو اکثر و بیش تر اُن چھوٹی چھوٹی خوشیوں کی قدرشناسی ہی میں پنہاں ملتی ہے کہ جنہیں بظاہر معمول کا حصّہ سمجھ لیا جاتا ہے۔
جیسے پرندوں کی چہچہاہٹ، نرم ہوا کی سرسراہٹ، بارش کی بوندوں کی آواز، سرد موسم میں تازہ دھوپ کی کرنیں، کسی کا خاموشی کو بھی سمجھ لینا، بغیر غرض حال چال پوچھنا، تھکا ماندہ دیکھ کرایک کپ چائے بنادینا، غیر موجودگی میں بھی طرف داری، وکالت کرنا، مشکل وقت میں محض تسلی نہ دینا، ساتھ کھڑے ہوجانا، ناراضی کے باوجود تعلق بچانےکے لیے پہل کرنا، اظہار کے بغیر ضرورت بھانپ لینا، گھر لوٹنے پرمسکرا کر استقبال کرنا، آنکھوں میں نمی دیکھ کر موضوع بدل دینا، پسند، عادات، باتیں یاد رکھنا، ضرورت کے وقت کسی کا فوری مدد کو پہنچنا، کسی بچے کا بے ساختہ آ کر گلے لگ جانا، کسی بزرگ کا سر پر دستِ شفقت پھیرنا،ہاتھ اُٹھا اُٹھا دُعا دینا۔
بقول رفیعہ شبنم عابدی ؎’’ابھی کچھ اور سانسیں رہ گئی ہیں… ابھی کچھ اور سالوں تک مجھے گننا ہے اِن کو… ابھی کچھ قرض ہے مجھ پر سبھی کا… ابھی کچھ اور خوشیاں بانٹنی ہیں… ابھی کچھ قہقہوں کو نغمگی خیرات کرنی ہے… گہر کرنا ہے لفظوں کو… زمینِ حرف و معنی سے ابھی کچھ خار چُننے ہیں… خیالوں کو دھنک بننا ہے شاید… نئے خوابوں کو صُورت بخشنی ہے…ابھی ذروں کو وسعت بخشنی ہے… ہرے موسم سے خوشبو کسب کرنی ہے…لہو دینا ہے سارے زرد پتوں اور پھولوں کو… ہواؤں کو سبک گامی سکھانی ہے… اندھیروں کو ستاروں کو ابھی مشعل دکھانی ہے… ابھی بادل کو بارش دان دینی ہے…چمکتے چاند کو ویران ماتھے پر سجانا ہے…کہیں منہدی کا بُوٹا اور کہیں پر نیم اُگانا ہے… مِرے اللہ سمجھ میں آگیا میرے … ابھی کچھ اوردن جینا ہے مجھ کو… ابھی دنیا کو ہے میری ضرورت۔‘‘
الفت کی سُرخی،دھڑکنوں کو اعتدال پرلاتی محبّت کی گہری، گرم تپش، اپنوں کے ساتھ، تحفّظ سے حاصل شُدہ بے پناہ اطمینان و سکون کی نیلاہٹ، رشتوں کے شفّاف رُوپ کی سفیدیاں … اِن میں سے کوئی بھی رنگ تنہا تنہا، الگ تھلگ مکمل نہیں ہوتا۔
سب کے ملاپ ہی سے زیست ترتیب پاتی اور زبان خودبخود سراہتی ہے؎ ہیں جتنے رنگ، تمام رنگ تمہارے ہیں… رہے سدا یہ دھنک نظام تمہارے نام۔ اور بھئی، ہماری آج کی محفل بھی اِسی تھیم پرمبنی ہےکہ جو پہناوا بھی منتخب ہو، بس سج، پھب جائے۔ ذرا دیکھیے، نیوی بلیو اور آسمانی رنگ کا امتزاج کیا غضب ہے۔
قمیص کے گلے پر حسین فیروزی کڑھائی اور آستینوں کا پرنٹ پہناوے کو کتنا ڈیسنٹ، پُراثر لُک دے رہا ہے۔ جوڑے کی سادگی میں بھی ایک خاص قسم کا شاہانہ وقار ہے۔
بیج رنگ پر کڑھت کی سفید بُوٹیاں اورسفید ہی لیس کی آرائش، بلاشبہ نفاست کی انتہا ہے۔ آستینوں پر نفیس بارڈرز اور پھر باریک لیس کا کام اتنی نزاکت سےکیا گیا ہےکہ دیکھنے والا اش اش کر اُٹھے۔
سی گرین رنگ، ٹخنوں تک لمبی شرٹ پرسفید دھاگے کی کڑھت تو جیسے آرٹ کا ایک بہترین نمونہ معلوم ہو رہی ہے۔ کسی لائٹ ڈنر فنکشن پر پہننے کے لیے یہ انتہائی موزوں انداز ہے۔ گہرا نیلا رنگ اور اس پر بھرا بھرا کڑھت جال، تو بالکل چودھویں کے چاند اور ستاروں والی رات سی بات ہوگئی۔ یہ حسین جوڑا پہن کر تو جو چاہے، پوری محفل لوٹ لے۔ کسی بھی گرینڈ ایونٹ کے لیے یہ لباس ایک شان دار انتخاب ثابت ہو سکتا ہے۔