تحریر: شائستہ اظہر صدیقی، سیال کوٹ
ماڈل: قراۃ العین
ملبوسات: مدثر کلیکشن
آرائش: دیوا بیوٹی سیلون
عکّاسی: عرفان نجمی
لے آؤٹ: نوید رشید
زندگی میں لگاتار جہدوجہد، کام، تگ ودو… یا ضروریات کی خاطر تگ ودو اور خواہشات کے لیے بھاگ دوڑ۔ سب کا مرکز و محور ایک ہی منزل، سکون اور خوشی کی تلاش ہے۔ پتّھر کے دَور سے خلائی سفر تک کی ترقی کے پیچھے بنیادی محرّک مشکل سے نجات اور سُکون کا حصول رہا ہے۔ گو، راستے مختلف ہو سکتے ہیں، لیکن ہر انسان کا مقصود یہی رہا۔
کسی کا ذہنی تشفّی کے لیے علم حاصل کرنا، تحفّظ اور طمانیت کے لیے دولت کمانا، محبت اور کسی کا اپنائیت کی خاطر رشتے نبھاتے رہنا، اطمینانِ قلب کے حصول کے لیے خدمتِ خلق میں جُتے رہنا، کبھی تنہائی میں رب کی یاد، تو کہیں نئے شہروں کی مسافت، پھر کوئی رنگوں سے کھیلتا ہے، کوئی لفظوں کو پروتا ہے اور کوئی سُروں کی دنیا آباد کرلیتا ہے۔ سب کچھ بس اِسی لیے ہے کہ زندگی ہلکی پھلکی اور پُرسکون ہو۔ غیر ضروری بوجھ لادے رکھنا تو کسی کو پسند نہیں ہوتا۔
مگر مسئلہ یہ ہوا کہ آج کا دَور صارفیت (Consumerism) کا دَور بن چُکا ہے۔ اور یہ نظام انسان کی بے چینی کو کرنسی بنا کر منافع کماتا ہے۔ انسانی ویلیوز کے معیارات یک سر تبدیل کر کے اس نظام نے ذہنوں میں یہ سوچ اور سیکھ ڈال دی ہے کہ تمہاری قدر تمہاری قوتِ خرید طے کرتی ہے۔ نیز، یہ کہ تم تب تک مکمل یا خوش نہیں ہو سکتے، جب تک تمہارے پاس فلاں برانڈ کی گاڑی، گیجٹ یا آؤٹ فِٹ نہ ہو۔ نتیجتاً بندہ اشیاء کی لذت کے تعاقب میں مسرت بھی کھو بیٹھتا ہے۔
بقول منیر نیازی ؎ ’’لمحہ لمحہ روزمرّہ زندگی کے ساتھ ہے… ایک لمحہ، جو کسی ایسے جہاں کی زندگی کا ہاتھ ہے… جس میں، مَیں رہتا نہیں، جس میں کوئی رہتا نہیں… جس میں کوئی دن نہیں ہے، رات کا پہرا نہیں… جس میں سُنتا ہی نہیں کوئی، نہ کوئی بات ہے… روزمرّہ زندگی سے یوں گزرتا ہے کبھی… ساتھ لے جاتا ہے گزری عُمر کے حصّے کبھی… جو بسر اب تک ہوا، اُس کو غلط کرتا ہوا… اور ہی اِک زندگی سے آشنا کرتا ہوا… جو گماں تک میں نہ تھا، اس کو دکھا جاتا ہوا… وہم تک جس کا نہ تھا، اس وقت کو لاتا ہوا… پھر چلا جاتا ہے اپنے اصل کے آثار میں… اور ہم مصروف ہو جاتے ہیں پھر… اپنے روز و شب کے کاروبار میں۔‘‘ اور بقول آزاد گلاٹی؎ ’’لمحہ لمحہ اِک نئی سعئ بقا کرتی ہوئی… کٹ رہی ہے زندگی خُود کو فنا کرتی ہوئی… تیری چُپ ہے یا مِرے اندر مچا کہرام ہے… کوئی شے تو ہے زباں کو بے نوا کرتی ہوئی… اپنے اندر ریزہ ریزہ ٹوٹ کر بکھرا ہوں میں… ہے یہ کیا شے، چُور دِل کا آئنہ کرتی ہوئی… کشتِ جاں سے دن کو کٹتی ہے نئے زخموں کی فصل… رات آتی ہے انہیں پھر سے ہرا کرتی ہوئی… میرے ہونے سے نہ ہونے کا سبب پیدا ہوا… مجھ کو ہستی ہی تھی خُود مجھ سے جدا کرتی ہوئی۔‘‘
لطف و سرود تومحض حواس کا سراب ہے۔ ڈوپامائن، کی اک لہر، جو جتنی تیزی سے اُٹھتی ہے، اُتنی ہی تیزی سے بیٹھ بھی جاتی ہے۔ جس کی بڑی کم زوری یہ ہے کہ اس کا ریموٹ کنٹرول ہمیشہ باہر ہوتا ہے یعنی بیرونی محرّک کا محتاج۔ جب کہ خوشی و مسرت ٹھہری، رُوح کا نغمہ۔ اپنے آپ سے، فطرت سے ہم آہنگ ہو کر جو سیری و سیرابی کی کیفیت پیدا ہوتی ہے، وہ اس بات کا عملی اظہار ہے کہ لازم نہیں سب خُوب صُورت چیزیں بازار میں بکتی ملیں۔ لہذا خُود میں نہاں خوشیوں کو کھوجیں، آزادی کا لُطف اٹھائیں، سکونِ قلب کی طرف لوٹیں، سادگی کو سراہیں اور چنگھاڑتے فیشن کی بجائے نرم و نازک سے انداز میں سجی ہماری وارڈ روبز سے خوب مستفید ہوں۔
ذرا ہماری آج کی بزم پر نظر دوڑائیں۔ آلیو گرین رنگ پرکی گئی نفاست بَھری کڑھت و آرائش کیسے دل موہ رہی ہے۔ گلے، دامن اور بازوؤں کا حسین کام اور آراستگی جوڑے کو ایک شاہانہ لُک دےرہی ہے۔ بلاشبہ، پہناوے کی جاذبیت و نفاست پہننے والی کی شخصیت کو ایک الگ ہی وقارونکھار عطا کرے گی۔ پھر مسٹرڈ رنگ خُوب صُورت پرنٹڈ جوڑے کی شرٹ کے دامن، آستینوں کا کٹ ورک کمال ہے، تو ساتھ ملٹی شیڈڈ پرنٹڈ دوپٹا، جس میں گلابی اور زیتونی رنگوں کا حسین امتزاج ہے، جوڑے کو جیسے چار چاند لگا رہا ہے۔
آف وائٹ بیس پر سُرخ، نارنجی اور ہرے پھولوں کا دل کش پرنٹ بھی ایک الگ ہی سماں باندھ رہا ہے۔ ساتھ پرنٹڈ پاجامے اور شیفون کے رنگین دوپٹے کے انتخاب نے لباس کو روایت و جدّت کا حسین امتزاج سا بنا دیا ہے۔ ہلکے پیسٹل اور آف وائٹ بیس پر پنک اور جامنی پھولوں کی چھوٹی چھوٹی بُوٹیاں، نفاست سے کی گئی ڈیزائننگ اور ہلکا پھلکا انداز لباس کو بہت ہی ڈیسنٹ اور پیارا بنا رہا ہے۔ سادگی اور خوب صورتی کا یہ کامبی نیشن واقعی لاجواب ہے، جب کہ سُرمئی اور اسکن شیڈز کے ڈیجیٹل پرنٹڈ لباس کے ساتھ سیاہ رنگ نیٹ کا پھول دار دوپٹا تو بس اپنی مثال آپ ہی ہے۔ یہ لباس بھی ماڈرن اور ٹریڈیشنل لُک کا ایک انتہائی حسین و دل کش سا امتزاج ہے۔