تحریر: شائستہ اظہر صدیقی، سیال کوٹ
ماڈل: فائزہ عابد
ملبوسات : Noorangi multi brand by Arosaly and Ayesha's closet
آرائش: دیوا بیوٹی سیلون
عکّاسی: عرفان نجمی
لے آؤٹ: نوید رشید
حُسن اور عشق کا رشتہ اُتنا ہی قدیم ہے، جتنا کہ خُود انسانی شعور۔ یہ رشتہ کائنات کے اُن آفاقی اور ازلی رموز و اسرار میں سے ہے، جن کی کوئی حتمی ابتدا مقرر نہیں کی جا سکتی۔ غاروں سے نکل کر کائنات کے کُھلے آسمان کے نیچے آ کر پہلی بار ارد گرد پھیلے مناظر، سورج کی کرنوں، چاند کی روشنی، اور تاروں بَھرے آسمان کی طرف نظر کرنے والے پہلے شخص نے دیکھنےکی بجائے خُوب صُورتی کو محسوس کرنا شروع کیا۔
وہیں سے حُسن کا تصوّر پیدا ہوا اور جہاں حُسن نے دستک دی، وہیں دل کے اندر ایک انجذاب، ایک تڑپ نے جنم لیا اور اِسی تڑپ نے عشق کا نام دھارا۔
انسان کے اندر قدرتی طور پر حُسن کو تلاش کرنے اور اس پر مٹنے کی جبلّت پائی جاتی ہے۔ بقول عبد الحمید عدم ؎ ’’حُسن اک دل رُبا حکومت ہے… عشق اک قدرتی غلامی ہے۔‘‘ تاریخ میں جتنی بھی بڑی تہذیبیں رواج پائیں، جتنا بھی ادب تخلیق ہوا یا جتنے بھی ماسٹر پیسز رنگوں، پتھروں اورالفاظ میں ڈھلے ہیں، اُن سب کا سوترا (دھاگا، ڈور، رسی) یہی رشتہ ہے۔ خواہ وہ رومی کی مثنوی ہو، حافظ شیرازی کی غزلیں یا میر و غالب کا دردِ عشق، اس رشتے کو الفاظ کی ایسی حیات بخشی گئی ہے، جو وقت کی قید سے آزاد ہے۔
وہ امجد اسلام امجد نے کہا تھا ناں ؎ ’’کمالِ حُسن ہے، حُسنِ کمال سے باہر… ازل کا رنگ ہے، جیسے مثال سے باہر… تو پھر وہ کون ہے جو ماورا ہے ہر شے سے… نہیں ہے کچھ بھی یہاں گر خیال سے باہر… یہ کائنات سراپا جواب ہے جس کا… وہ اِک سوال ہے پھر بھی سوال سے باہر… ہے یادِ اہلِ وطن یوں کہ ریگِ ساحل پر… گری ہوئی کوئی مچھلی ہو، جال سے باہر… عجیب سلسلۂ رنگ ہے تمنّا بھی… حدِ عروج سے آگے، زوال ہے باہر… نہ اِس کا انت ہے کوئی، نہ استعارہ ہے… یہ داستان ہے ہجر و وصال سے باہر… دُعا بزرگوں کی رکھتی ہے زخمِ الفت کو… کسی علاج، کسی اندمال سے باہر… بیاں ہو کس طرح وہ کیفیت کہ ہے امجدؔ… مِری طلب سے فراواں، مجال سے باہر۔‘‘
سر جان ایورٹ ملائی (Sir John Everett Millais) ’’ہیملیٹ‘‘ کی کردار’’اوڈیلیا‘‘ کے غرقِ دریا کا منظر پینٹ کرے، ونسنٹ وین خوخ (Vincent van Gogh)مشہورِ زمانہ ’’دی اسٹاری نائٹ‘‘ کینوس پر اتارے یا ’’دی لائٹ پینٹر‘‘ کا خطاب پانے والا، جوزف میلارڈ ولیم ٹرنر (J.M.W. Turner) اپنے برش سے ’’دی فائٹنگ ٹاٹیر‘‘ (The Fighting Temeraire) پینٹ کرکے مسمرائز کردے، حُسن اور عشق کے اِس رشتے میں، حُسن کا جادو قلب وجاں کو اسیر و مسحور کرتا، عشق، رُوح کو سیراب و سرشار کرتا رہے گا اور زباں یہ نغمہ گنگناتی رہے گی۔ ؎ ’’تیری خوشبو کا تراشا ہے یہ پیکر کس نے… کردیا ہے مِرا ماحول معطّر کس نے… کس کی پازیب کا سنگیت ہے ہستی میری… پاؤں سے باندھ لیا میرا مقدر کس نے… خوش نُما دائرے بنتے ہی چلے جاتے ہیں… دل کے تالاب میں پھینکا ہے یہ کنکر کس نے۔‘‘ تو چلیں، اِسی سرخوشی و سرشاری کی سی کیفیت میں آج کی کلیکشن پر بھی نظر ڈالے لیتے ہیں۔
دیکھیے، میجنٹا رنگ بیس پرگلابی اور سفید پھول بُوٹوں کا انتہائی نفیس اور بھرپور آل اوور پرنٹ ہے، جب کہ دوپٹے کے بارڈرز پر سبز و نارنجی رنگ کی کلاسک باریک پٹیاں دی گئی ہیں۔ پہناوے کے پرنٹڈ پھولوں کی رونق بھی ایسی ہے کہ دیکھ کراصل باغیچہ شرما جائے۔ لائٹ لیونڈر رنگ فیبرک پر گہرے جامنی رنگ کی زِگ زیگ، جیومیٹریکل ایمبرائڈری کی بھی کیا ہی بات ہے، ساتھ جیکارڈ دوپٹے کی موزونیت بھی کمال ہے، پہن کر جس محفل میں قدم رکھیں گی، اطراف کا ہر رنگ پھیکا پڑجائے گا۔
سیاہ و سفید کا سدابہار امتزاج دیکھیں، قمیص کی سفید بیس پر سیاہ رنگ بیلوں، پھولوں کا کلاسک ڈیجیٹل پرنٹ ہے، تو دوپٹے پر روایتی مغل پیزلے کے حسین سفید نقوش نمایاں ہیں، دیکھ کےگماں ہورہا ہے، جیسے تاروں نے چاندنی رات میں آسمان سے اُترکر اِس دوپٹے پر رقص کیا ہو۔
سلور اور گِرے مکس شیڈڈ فیبرک کے انار کلی گاؤن پر ریشم اور ٹونل دھاگے کی انتہائی نفیس، آل اوور جالی دار ایمبرائڈری ہے، تو ساتھ ڈوری پائپنگ سے آراستہ، ہلکی کڑھت سے مزین ہم رنگ دوپٹا، جب کہ اسٹیل بلیو فیبرک پر سفید چمک دار دھاگے کی بھاری دامن کڑھائی، بارڈرز پر چکن کاری،کٹ ورک اور گلے پر سفید موتی نما بٹنز کی سجاوٹ نے لباس کے حُسن و دل آویزی کو گویا چار چاند لگا دیئے ہیں۔