پشاور ( جنگ نیوز )کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی ہدایت پر صوبائی دارلحکومت پشاور میں ڈینگی کنٹرول اقدامات کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے اور اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی زیر صدارت ڈینگی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں انتظامی افسران ، محکمہ صحت اور محکمہ پولیس سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی دارلحکومت پشاور میں ڈینگی وائرس کے حوالے سے تفصیلی پلان مرتب کیا گیا اور گزشتہ سال ہائی رسک یونین کونسلوں میں اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پشاور کی ہائی رسک یونین کونسلوں میں روزانہ کی بنیادوں پر محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر سپرے کے ساتھ عوامی آگاہی مہم بھی چلا رہی ہیں اور ان ٹیموں میں شامل اینٹامالوجسٹ پانی کے نمونے حاصل کر کے ڈینگی لاروا کے متعلق معلومات حاصل کر رہے ہیں اور ڈینگی لاروا کی موجودگی پر مزید کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے اور سپرے کا دائرہ کار مزید علاقوں تک بڑھایا جا رہا ہے۔ اجلاس میں ہدایات جاری کی گئیں کہ سکولوں میں مارننگ اسمبلی میں طلباء و طالبات کو ڈینگی کے حوالے سے آگاہی دی جائے گی اور سکولوں میں ڈینگی احتیاطی تدابیر کے بینرز لگائے جائیں گے اور مساجد میں جمعتہ المبارک کے خطبات میں دینگی کے حوالے سے آگاہی دی جائے گی اور پشاور کے مختلف علاقوں میں بینرز لگائے جائیں ۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق ضلعی انتظامیہ پشاور ہنگامی بنیادوں پر ڈینگی وائرس سے بچائو اور ڈینگی مچھروں کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے تاکہ ڈینگی مچھروں کا خاتمہ کیا جا سکے۔انھوں سے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں میں پانی کی ٹینکیوں کو ڈھانپ کر رکھیں۔ اور ائر کولر میں بھی پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور گھر میں کسی بھی جگہ یا برتن میں پانی کو کھلا نہ رکھیں او ر مکمل احتیاط برتیں تاکہ اس موذی مرض کا خاتمہ کیا جا سکے اور عوام کے تعاون کے بغیر ڈینگی وائرس پر قا بو نہیں پا یا جا سکتا۔ انھوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس کو کنٹرول کر نے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔اور پشاور سے ڈینگیوائرس کو ختم کر کے ہی دم لیں گے۔