• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیڈی کانسٹیبل کی پر اسرار موت،انکوائری کمیٹی قائم

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)اسلام آباد پولیس کی جوانسالہ لیڈی کانسٹیبل اقرا دختر نذیر احمد پراسرار طور پر زندگی کی بازی ہا رگئی ۔ حکام رات گئے تک اس کی موت کا معمہ حل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے ۔متوفیہ کے والدین کراچی میں رہائش پذیر ہیں تاہم وہ مانسہرہ کے رہنے والے ہیں ۔لیڈی پولیس کانسٹیبل کو ہسپتال لانے والے ایس پی ٹریفک سید عارف حسین شاہ نے بتایا کہ اقراء میری بیٹی کی طرح تھی۔ 11بجے بینک کےلئے گئی جہاں سے وہ میرے گھر پر آئی ،گھر پر آنے کے کچھ دیر بعد اسے خون کی الٹی شروع ہوگئی۔ میں اپنے ملازم کے ساتھ اسے پولی کلینک لے گیا ۔ وہاں اس کاعلاج جاری تھا کہ تقریبا گھنٹے کے بعد اس کی موت واقع ہو گئی پولی کلینک کے ریکارڈ میں میرا نام ہے، اقرا کا ڈتھ سرٹیفیکیٹ بھی میں نے ہی وصول کیا۔تمام شکوک شبہات کلیئر کرنے کےلئے اس کا پوسٹ مارٹم کروایا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس سے قبل یہ افواہ گردش کرتی رہی کہ اسلام آباد پولیس کی لیڈی کانسٹیبل کی کفن میں لپٹی لاش پولی کلینک لائی گئی جسے لانے والے نے خود کو اسلام آباد پولیس کا ڈی ایس پی ظاہر کیااور ایمرجنسی میں عملے کو بتایاگیاکہ وہ سول سرجن عابد شاہ کے ریفرنس سے آئے ہیں ، اس کو لانے والے نے اپنا نام طاہر نیازی بتایا، عملے کو ابتدائی طورپر بتایا گیاکہ لڑکی اسکی بھتیجی ہے اور اس نے غلطی سے گندم والی زہریلی گولیاں کھا لی ہیں۔ بعدازاں جب ڈاکٹروں نے معائنہ کیاتو وہ جاں بحق ہوچکی تھی جس کے بعد معاملہ پولیس کے نوٹس میں لایاگیااور پھر یہ خبر پھیلی کہ لاش لیڈی کانسٹیبل اقراء کی ہے ۔ یہ بھی پتہ چلاکہ وہ دن گیارہ بجے پولیس لائن سے بینک جانے کا کہہ کرنکلی اور پھر شام چار بجے اسکی نعش کی اطلاع ملی ۔یہ موقف بھی سامنے آیا کہ کوئی نامعلوم اسکی نعش کو ہسپتال چھوڑ گیا۔ دریں اثناء آئی جی اسلام آباد نے لیڈی کانسٹیبل کی موت کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور ایس ایس پی آپریش کو ہدایت کی ہے کہ معاملے کو میرٹ پر دیکھاجائے کسی سے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے ۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق لیڈی کانسٹیبل اقراء کی موت معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لئے آئی جی اسلام آباد نے انکوائری کمیٹی بنا دی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کی زیرنگرانی کمیٹی میں ایس ایس پی انوسٹی گیشن، اے آئی جی آپریشنز، ایس پی ہیڈ کوارٹر اور ایس ڈی پی او سہالہ شامل ہیں۔ کمیٹی آئی جی اسلام آباد کو معاملہ کی مکمل تحقیقات کرکے 12 گھنٹوں میں رپورٹ دے گی۔مرحومہ لیڈی کانسٹیبل کے لواحقین سے بھی رابطہ کرلیا گیاہے۔ تمام متعلقین کو انکوائری میں شامل کیا جائے گا۔
اسلام آباد سے مزید