• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
اسلام آباد ( وقائع نگار) چین کے وزیر خارجہ واینگ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پیر کے روز اسلام آباد پہنچیں گے۔ اسلام آباد میں قیام کے دوران چین اور پاکستان کے وفود کے درمیان دو طرفہ تعلقات پاکستان میں آئندہ نئے ترقیاتی منصوبوں اور سی پیک اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے علاوہ پاکستان کو تین ارب ڈالر کا قرضہ دینے پر بھی مذاکرات ہوں گے۔ چینی وزیر خارجہ پاکستان، افغانستان کے مذاکرات میں بھی شریک ہوں گے۔ چینی وزیر خارجہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق چین کے وزیر خارجہ او آئی سی کانفرنس میں شریک بعض اہم ممالک کے وزراء خارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ چینی وزیر خارجہ او آئی سی کانفرنس میں بھی گیسٹ آف آنر کے طور پر شریک ہونگے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین کے دوران تین ارب ڈالر قرضہ لینے کی چین کے اعلیٰ حکام سے بات کی تھی اس پر چینی وزیر خارجہ کے دورے پاکستان کے دوران پیش رفت کا امکان ہے۔ سفارتی حلقے چینی وزیر خارجہ کی سربراہی میں اعلیٰ وفد کی پاکستان آمد کو خاصی اہمیت دے رہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید