لندن ( جنگ نیوز ) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی یقینی ہے اپوزیشن جماعتوں کے نمبر گیم پورے ہیں جلد اپنے وطن واپس آنا چاہتا ہوں معالجین نے اجازت دی تو اگلی فلائیٹ میں پاکستان پہنچ جاؤں گاملک کی موجودہ معاشی صورتحال نے سخت رنجیدہ کیا ہے ،مستحکم بلوچستان پرامن پاکستان کے لئے ناگزیر ہے۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے لندن میں ملاقات کیلئے آنے والے بلوچستان اسمبلی کے سابق رکن سنتوش کمار بگٹی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ کھوکھلے نعروں اور اعلانوں نے ملک کی معاشی صورتحال کو زبوں حالی کا شکار کر دیا ہے مہنگائی بے روزگاری نے عام آدمی کا جینا محال کر رکھا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے لائی گئی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گی کیونکہ اپوزیشن کے نمبر پورے ہیں۔ عوام کو اس ناکام نظام سے چھٹکارہ دلائیں گے انھوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ مستحکم پاکستان کے لئے پرامن اور خوشحال بلوچستان ناگزیر ہے ۔یہاں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل ہوناچاہئے اور اس کے لئے پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنے دوراقتدار میں واضح پالیسیاں مرتب کیں۔ بلوچستان سمیت ملک بھر میں موجود اقلیتیں ہمیشہ سے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی رہی ہیں اور ہماری کوشش رہی ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں۔ اس موقع پر سنتوش کمار بگٹی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن ہمیشہ سے اہل بلوچستان کی امنگوں کا محور رہی ہے انھوں نے کاوی موساوی کی رپورٹ پر میاں محمد نواز شریف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ نے ایک بار پھر انہیں سرخرو کر دیا ہے اور میاں محمد نواز شریف اور انکے خاندان کے شفاف کردار پر تصدیق کی مہر ثبت کر دی ہے۔ نتوش کمار بگتی نے کہا کہ عمران خان کو استعفی دے کر غیر یقینی صورتحال ختم کرنی چائیے، کیونکہ موجودہ غیر یقینی صورتحال کا واحد حل نئے الیکشن کا انعقاد ہے ۔