• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عروج آفتاب کی تصویر نیویارک میں’ٹائمز اسکوائر‘ پر آویزاں

عروج آفتاب، فائل فوٹو
عروج آفتاب، فائل فوٹو 

پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ عروج آفتاب  پہلی پاکستانی فنکارہ ہیں جن کی تصویر  نیویارک میں’ٹائمز اسکوائر‘ پر آویزاں کی گئی ہے۔

دو بار گریمی ایوارڈز کے لیے نامزد ہونے والی گلوکارہ عروج آفتاب کی تصویر کو  ٹائمز اسکوائر بل بورڈ پر آڈیو اسٹریمنگ سروس اسپاٹی فائی کی’ایکوئل پاکستان‘ کے لیے ایمبیسیڈر کے طور پرآویزاں کیا گیا ہے۔

عروج آفتاب، اپنی گلوکاری کی مہارت سے عالمی سطح پر پاکستان کی خواتین کرئیٹرز کی نمائندگی کر رہی ہیں۔

دنیا کی سب سے مشہور اسٹریمنگ سروس کی اس مہم کا مقصد خواتین کرئیٹرز کو دنیا کے ساتھ اپنا کام شیئر کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم دے کر ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

عروج آفتاب اس عالمی مہم کاحصّہ ہیں اور اسی لیے نیویارک میں ڈیجیٹل بل بورڈ پرلگے اشتہار میں بطور ’ایکوئل آرٹسٹ آف دی منتھ‘گلوکارہ کی تصویر کو آویزاں کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے گلوکارہ کا کہنا ہے کہ’وہ (ایکوئل پاکستان) کی پہلی ایمبیسیڈر بننے پر بے حد پرجوش ہیں کیونکہ اس طرح کا منظم پروگرام پاکستان کی آڈیو انڈسٹری میں خواتین کو ترقی دینے میں مدد کرے گا‘۔

آفتاب پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنہیں گریمی ایوارڈز کے لیے بہترین نیو آرٹسٹ اور بہترین گلوبل پرفارمنس کی کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا۔

گلوکارہ  کے کام کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے اور وہ اس بات پر خوش ہیں کہ ان کی موسیقی کو انڈسٹری کے سب سےبڑے ایوارڈز کی تقریب میں تسلیم کیا گیا ہے۔

اُنہوں نے ایک بار پاکستان میں ایک میوزک فیسٹیول میں پرفارم کیا جہاں ان کی ملاقات صوفی لیجنڈ عابدہ پروین سے ہوئی اور ان کے ساتھ مشہور کلام ’من کنتو مولا‘ بھی پڑھا تھا۔

گلوکارہ کا خیال ہے کہ ثقافتی سطح پر ایک پاکستانی کا وجود موسیقی، شاعری، فن اور رقص کے بغیر تقریباََ ناممکن ہے۔

اس کے علاوہ عروج آفتاب اس سال امریکی میوزیکل فیسٹیول ’کوچیلا‘ میں ہیری اسٹائلز، لِل بیبی، بلی ایلش، میگن تھی اسٹالین، ڈسکلوزر، 21 سیویج، اسٹرومی اور بہت سے دیگر نامور فنکاروں کے ساتھ پرفارم کرنے والی پہلی پاکستانی فنکارہ ہیں۔

عروج آفتاب دنیا بھر میں اپنے منفرد اندازِ گائیکی کی وجہ سے مشہور ہیں۔ 

وہ 2021 کے موسم گرما کے دوران سابق امریکی صدر، براک اوباما کی پسندیدہ موسیقی کی پلے لسٹ میں بھی شامل تھیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید