اسلام آباد (نمائندہ جنگ) الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو ضلع کرم پارہ چنار میں ہفتے کو جلسہ عام سے خطاب کرنے پر نوٹس جاری کر دیا۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر الیکشن کمیشن ضلع کرم نے بلاول بھٹو کو کل 28 مارچ کو دن 11 بجے اپنے دفتر میں وضاحت پیش کرنے کے لئے نوٹس جاری کر دیا۔ پی پی پی کے رکن قومی اسمبلی ساجد حسین طوری کی جانب سے سپورٹس کمپلیکس پاڑہ چنار میں جلسہ میں شرکت پر انہیں نوٹس جاری کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اور چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی کو بھی لوئر کرم میں جلسہ میں شرکت اور خطاب پر نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر الیکشن کمیشن ضلع کرم نے 28 مارچ کو اپنے دفتر میں وضاحت پیش کرنے کےلئے نوٹس جاری کیا۔