• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعتزاز احسن کی بیٹی نے والد سے متعلق غلط فہمی دور کردی

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری اعتزاز احسن کی صاحبزادی ثمن احسن نے ٹوئٹر پر والد کے خلاف پھیلی غلط فہمی دور کردی۔

ٹوئٹر پر اعتزاز احسن کے نام اور تصویر سے منسوب کیے جانے والے گمراہ گُن ٹوئٹس پر ثمن احسن نے شدید ردعمل دیتے ہوئے گزشتہ برس  ماہِ جنوری میں والد کے اصلی اکاؤنٹ سے کیا گیا ٹوئٹ شیئر کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ’یہ میرے والد اعتزاز احسن کا واحد حقیقی ٹوئٹر اکاؤنٹ ہے، لیکن وہ اسے کبھی استعمال نہیں کرتے۔ ان کے نام سے ٹوئٹ کرنے والے دیگر تمام اکاؤنٹس جعلی ہیں اور غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔‘

جعلی اکاؤنٹس کے لیے ایف آئی سے رجوع کرلیا ہے

ثمن نے ایک صارف کے سوال کے جواب میں کہا کہ اعتزاز احسن کے نام سے منسوب جعلی اکاؤنٹس کی اطلاع ایف آئی اے کو دی گئی ہے، میں جعلی اکاؤنٹس کی اطلاع اور اصلی کی تصدیق کرنے کی بھی کوشش کر رہی ہوں، لیکن اس میں وقت اور محنت درکار ہے۔

اعتزاز احسن کے جعلی اکاؤنٹ سے کیا ٹوئٹ کیا گیا؟

ٹوئٹر پر اعتزاز احسن کا اصل اکاؤنٹ ’therealaitzaz‘ ہے لیکن اسی جیسے نام سے بنائے گئے اکاؤنٹ ’therealaitezaz ‘ سے حال ہی میں ایک ٹوئٹ سامنے آیا تھا۔

ٹوئٹ میں لکھا گیا تھا کہ امر بالمعروف جلسے نے ثابت کر دیا ہے کہ خودمختار اور بیرونی مداخلت سے پاک پاکستان، پاکستانیوں کی واحد منزل ہے اور وزیرِ اعظم عمران خان ان کے محبوب لیڈر اور قائد ہیں۔‘


اصل اور جعلی اکاؤنٹ کا کیسے پتا چل سکتا ہے؟

اعتزاز احسن کے اصل اور جعلی اکاؤنٹ کے ’ہینڈل‘ کو دیکھا جائے تو دونوں ایک جیسے ہی دِکھتے ہیں لیکن اگر بغور جائزہ لیا جائے تو جعلی اکاؤنٹ ’therealaitezaz‘ میں ایک ’ای‘ اضافی ہے جو اسے اصل اکاؤنٹ سے مختلف بناتا ہے ۔

صارفین ایک نظر میں ایسی چھوٹی تبدیلی کو ضرور نوٹس کیے بغیر ہی اس اکاؤنٹ سے کیے جانے والے ٹوئٹس کو پی پی رہنما کا بیان سمجھ سکتے ہیں۔

’میں ٹوئٹ کرنے پر یقین نہیں رکھتا‘

سیاسی گرما گرمی میں ٹوئٹر پر فعال رہنا تو آج کل سیاستدانوں کے لیے کوئی مشکل نہیں لیکن اعتزاز احسن  ٹوئٹ کرنے پر یقین نہیں رکھتے۔

اعتزاز احسن نے اپنے اکاؤنٹ سے جاری ٹوئٹ میں پیپلز پارٹی رہنماؤں کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ میں ٹویٹ کرنے پر یقین نہیں رکھتا کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ یہ آدھے سچ کا میڈیم ہے، البتہ مختلف اکاؤنٹس سے بہت سے جعلی ٹویٹ جاری کیے گئے ہیں جن کا مقصد میری آرا کی غلط ترجمانی کرنا اور مجھے بدنام کرنا ہے۔‘

اپنے سلسلہ وار ٹوئٹ میں اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ  اپنے جعلی اکاؤنٹس سے تنگ آکر آخرکار میں اپنا آفیشل اکاؤنٹ کھولنے پر مجبور ہوں جو ’therealaitzaz ‘ہے۔

انہوں نے واضح کیا تھا کہ یہ واحد اکاؤنٹ ہے جس سے اگر میں نے کبھی ٹوئٹ کیا تو کروں گا،  مجھ سے منسوب دیگر تمام اکاؤنٹس جعلی ہیں۔

سینئر پی پی رہنما نے یہ بھی بتایا تھا کہ میں نے یہ معاملہ ایف آئی اے کے سامنے اٹھایا ہے اور جب جعل سازوں کی نشاندہی ہو جائے گی تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ثمن کی وضاحت پر ردعمل:

والد کے جعلی اکاؤنٹ کی نشاندہی کیے جانے اور اصل اکاؤنٹ سامنے لانے کے بعد پیپلز پارٹی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے اصل اکاؤنٹ کو فالو کرنا شروع کردیا ہے۔

صوبائی وزیر سعید غنی، رہنما پیپلزپارٹی شرمیلا فاروقی سمیت صارفین کی بڑی تعداد نے اعتزاز احسن کے اصل اکاؤنٹ کو فالو کرنا شروع کردیا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید