کراچی(جنگ نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کے غیر آئینی اقدام کو سرپرائز نہیں کہہ سکتے، یہ غداری ہے ، عمران نے گزشتہ دن جو کیا وہ اپنی انا بچانے کیلئے کیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں بلاول کا کہنا تھاکہ اپوزیشن سمیت کسی رکن پارلیمنٹ نے وہ سازشی مراسلہ نہیں دیکھا، مراسلے پر نہ کسی سفارتکار کو وزیراعظم ہاؤس یا دفتر خارجہ طلب کیا گیا نہ اس سے متعلق وزیر خارجہ نے امریکی حکومت سے کوئی شکایت کی، عمران خان کو اکثریت کھونے کا احساس ہوا تو انہوں نے بین الاقوامی سازش کا کہہ کر چلانا شروع کردیا۔ سکھر میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاہےکہ جس طرح ہم نے عمران کو پارلیمنٹ میں شکست دی اس طرح عوام الیکشن میں عمران کو شکست دیں گے، پارٹی کارکن تیاریاں کریں۔