• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارکس، پلے گراؤنڈز ، میدانوں اور فٹ پاتھوں پر ایک خاص رفتار سے چلتے اور دوڑتے افراد نظر آنا، دنیا کے شہری مراکز میں اب معمول کی بات بن چکی ہے۔ جاگنگ سے مراد ’’مستقل مزاجی کے ساتھ مستحکم رفتار سے دوڑ لگانا‘‘ لی جاتی ہے۔ جاگنگ کو عام کرنے کا سہرا نیوزی لینڈ کے ایتھلیٹ ، کوچ اور رنر آرتھر لائڈیارڈ (6جولائی 1917ء -11دسمبر 2004ء) کو جاتا ہے، جنھوں نے یہ نظریہ متعارف کروایا کہ مقابلے کے لیے تیار ہونے کے لیے خود کو تھکادینے کے مقابلے میں جاگنگ کے ذریعے اپنے اندر قوت برداشت پیدا کرنا کہیں بہتر ہے۔

صحت مند زندگی گزارنے کے لیے جاگنگ ایک ایسی سرگرمی ہے، جسے زندگی میں نظم و ضبط پیدا کرکے بآسانی اختیار کیا جاسکتا ہے۔ جاگنگ کے انسانی صحت اور ذہانت پر حیران کن حد تک مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ کوپن ہیگن سٹی ہارٹ کی تحقیق کے مطابق، جاگنگ کرنے والے افراد لمبی عمر پاتے ہیں۔ جاگنگ کرنے والے مردوں کی عمر چھ سال دو مہینے تک اور خواتین کی عمر ساڑھے پانچ سال تک بڑھنے کے امکانات ہوتےہیں۔

اوقاتِ کار

جاگنگ کے اوقات کار ہر شخص اپنی آسانی اور وقت کی دستیابی کے مطابق طے کرسکتا ہے، تاہم ماہرین کاماننا ہے کہ جاگنگ کے لیے سب سے بہترین وقت صبح کا ہوتا ہے۔ سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ صبح کے وقت کی جانے والی جاگنگ نا صرف حسیات کو تیز کرتی ہے بلکہ اس سے یادداشت بھی بہتر ہوتی ہے۔ 

یہی نہیں، اس سے انسان کو فوری فیصلہ کرنے کی قوت بھی ملتی ہے۔ ماہرین کے مطابق جاگنگ سے دماغ کا فرنٹل کارٹیکس سرگرم ہوتا ہے۔ اس سے پہلے مانا جاتا تھا کہ صرف موسیقی سےہی دماغ کا فرنٹل کارٹیکس سرگرم ہوتا ہے لیکن اب تحقیق یہ بتاتی ہے کہ جاگنگ بھی اس سلسلے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

تحقیق سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ صبح کے وقت جاگنگ کرنے والے افراد میں بیماریوں کے خلاف مدافعتی نظام، جاگنگ نہ کرنے والوں کے مقابلے میں بہتر ہوتا ہے۔ صبح کی تازہ آکسیجن بھری ہوا، آلودگی سے پاک ہوتی ہے۔ نیز، صبح میں جاگنگ کرنے سے سارا دن اچھا گزرتا ہے اور انسان اپنے آپ کو ترو تازہ محسوس کرتا ہے۔

سونے کا وقت مقرر کریں

صبح میں باقاعدہ اور اچھی جاگنگ کے لیے ضروری ہے کہ رات کو سونے میں تاخیر نہ کی جائے ۔ یہ نہیں کہ رات گئے تک جاگتے رہیں ا ور صبح سویرے جاگ جائیں۔ نیند مکمل نہ ہونے کی صورت میں صبح کی جاگنگ آپ کو تروتازہ کرنے کے بجائے مزید تھکا دے گی۔ مناسب نیند لینے کا کوئی خاص پیمانہ مقرر نہیں۔ عمومی طور پر 6 سے7 گھنٹےکی نیند کافی ہوتی ہے۔

جاگنگ کے بنیادی اصول

جاگنگ کرنے کے کچھ بنیادی اصول ہیں۔ اگر آپ ان اصولوں کے تحت جاگنگ نہیں کریں گے تو اُلٹا جسم کے مختلف حصوں میں درد ہونے کے باعث جاگنگ بھی ٹھیک طرح نہیں کرپائیں گے۔ اس سلسلے میں مندرجہ ذیل باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

اسٹریچنگ

کچھ لوگوں کا خیال ہوتا ہے کہ جاگنگ سے قبل اسٹریچنگ کرنا اچھا ہوتا ہے لیکن اسٹریچنگ بہت دھیان اور احتیاط سے کرنا پڑتی ہے کیونکہ اس سے آپ کے پاؤں کا پچھلا حصہ شدید متاثر ہوسکتا ہے۔

تیز دوڑنا

اگر آپ نے نئی نئی جاگنگ کرنا شروع کی ہے تو اس بات کا خیال رکھیں کہ فوراً تیز نہ دوڑیں بلکہ آہستہ آہستہ تیز دوڑنا شروع کریں تاکہ ٹانگوں میں درد کی شکایت نہ ہو۔

کم پانی پینا

جاگنگ کرنے سے جسم سے نمکیات کا اخراج ہوتا ہے، لہٰذا جاگنگ شروع کرتے ہی پانی کی مقدار بڑھا دیں اور زیادہ سے زیادہ پانی پی کر جسم کو ہائیڈریٹ رکھیں۔

مناسب غذا کا استعمال

جس طرح خالی پیٹ جاگنگ نہیں کی جاسکتی، اسی طرح زیادہ بھرے ہوئے پیٹ کے ساتھ جاگنگ کرنا بھی نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ جاگنگ سے پہلے ہلکی اور غذائیت سے بھرپور چیز لی جاسکتی ہے۔ اس سلسلے میں کیلا اور گوشت یا مچھلی کا چھوٹا سا ٹکڑا لینا صحت مند رہے گا۔

بڑےقدموں سے دوڑنا

کبھی بھی بڑے قدموں سے جاگنگ نہ کریں بلکہ دوڑنے کے لیے چھوٹے قدموں کا استعمال کریں۔

درد میں دوڑنا

اگر آپ کی ٹانگوں میں درد ہے اور بھاگنے میں دقت محسوس کررہے ہیں تو دوڑنے سے گریز کریں ۔ جب درد ٹھیک ہوجائے، تب جاگنگ شروع کریں۔

جاگنگ کیلئے مناسب تیاری

جاگنگ کے بنیادی اصول جان لینے کے بعد اگلا مرحلہ جاگنگ کے لیے مناسب تیاری کرنا ہوگی۔ اس کے لیے آپ کو مندرجہ ذیل چیزوں کا خیال رکھنا ہوگا۔

مناسب جوتوں کا استعمال: جاگنگ کے لیے ضروری ہے کہ آپ مناسب جوتوں کا استعمال کریں۔جاگنگ کے دوران اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ نے جوتوں کے تسمے ٹھیک سے باندھے ہوئے ہیں۔ تسموں کو مناسب طرح سے باندھ کر جوتوں کو آرام دہ بنایا جاسکتا ہے۔ یہ بھی چیک کریں کہ جوتوں کا سائز آپ کے پاؤں کے سائز کے عین مطابق ہے۔

آرام دہ کپڑے پہنیں: جاگنگ میں آپ کے جسم کو چلنے پھرنے میںآسانی درکار ہوتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ آپ نے جو کپڑے پہنے ہوئے ہیں وہ نرم، آرام دہ اور ڈھیلے یا لچکدار ہوں۔

اہداف کا تعین کریں: اہداف کے تعین سے آپ کو جاگنگ پر جانے کے لیے ایک مقصد ملے گا۔ جب آپ اس ہدف کے حصول کی جانب بڑھیں گے تو آپ کو خوشی محسوس ہوگی، جس سے آپ کو روزانہ جاگنگ کرنے کا حوصلہ ملے گا۔ وزن گھٹانا یا کسی میراتھن میں دوڑنے کے لیے تیاری کرنا ممکنہ اہداف ہوسکتے ہیں۔

اب آپ جاگنگ کے لیے تیار ہیں۔ جاگنگ کرتے وقت مندرجہ ذیل باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے۔

رفتار کا تعین کریں: آپ جسمانی طور پر کتنے ہی فٹ کیوں نہ ہوں، پہلے دن ہی لمبی میراتھن نہ لگائیں۔ چند روز تک چھوٹے چھوٹے آرام دہ قدموں کے ساتھ پندرہ سے بیس منٹ کی واک کریں، پھر رفتار اور دورانیے میں بتدریج اضافہ کریں، جیسے ہر ہفتے پانچ فی صد اضافہ مناسب ہدف ہوسکتا ہے۔

اس کے علاوہ، جاگنگ کے دوران سر، کندھے اور پیٹھ کو سیدھا رکھیں تاکہ آپ کا جسم تازہ توانائی کو جذب کرسکے، ورنہ جاگنگ اُلٹا آپ کو تھکا دے گی۔

صحت سے مزید