پاکستان کے نئے وزیراعظم شہباز شریف نے حلف اُٹھاتے ہی اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بائیو تبدیل کردی۔
شہباز شریف نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بائیو میں تبدیلی کرکے اب ’پرائم منسٹر آف پاکستان‘ لکھ دیا ہے۔
2010 میں بنائے جانے والے شہباز شریف کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کا جائزہ لیا جائے تو وہ مقبولیت میں سابق وزیراعظم عمران خان سے کافی پیچھے نظر آئیں گے۔
عمران خان کو ٹوئٹر پر 15 ملین سے زائد صارفین نے فالو کیا ہوا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کے فالوورز کی تعداد صرف 5 اعشاریہ 7 ملین ہے۔
وزیراعظم کا حلف اُٹھانے کے بعد شہباز شریف نے کیا کہا؟
نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ کروڑوں عوام کی دعاؤں نے پاکستان کو بچالیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی، حق کی فتح اور باطل کو شکست ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن پوری پاکستانی قوم کے لیے عظیم دن ہے کہ اس ایوان نے اُس سلیکٹڈ وزیراعظم کو آئین و قانون کے ذریعے گھر کا راستہ دکھایا۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا تھا کہ عوام کی خوشی کی اور کیا مثال ہوسکتی ہے کہ آج روپیہ ڈالر کے مقابلے میں آٹھ روپے اونچا گیا ہے جو 190 سے 182 روپے پر آگیا ہے۔