کوونٹری ( نمائندہ جنگ ) دنیا بھر کی طرح برطانیہ کے شہر کوونٹری میں بھی میاں محمد شہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے پر مٹھائی تقسیم کی گئی اور ایک دوسرے کو مبارک بادیں دی گئیں، مسلم لیگ ن کے رہنماؤں راجہ رشید کیانی اور راجہ اصغر نمبل نے کہا کہ آج کا دن قوم کے لیے راہ نجات ثابت ہو گا جسے تاریخ میں نمایاں حیثیت حاصل رہے گی کیونکہ آج کے دن ایک ضدی اور آمر حکمران سے پاکستان کو چھٹکارا نصیب ہوا، عوام آزاد ہوئے، مہنگائی اور غربت آسمانوں کو چھو رہی تھی، جگہ جگہ بھکاری سینٹر بنا کر عوام کو بھکاری بننے پر مجبور کر دیاگیا، میاں محمد شہباز شریف نے وزیر اعظم بنتے ہی عوام کو ریلیف دیا۔ ن لیگ کی حکومت نے ہمیشہ عوام کو مصیبت سے نکال کر خوشحالی کی طرف گامزن کیا ہے اور یہ سہرا ن لیگ ہی کو جاتا ہے جن کی محنت سے ایک آمر حکمران سے نجات ملی۔راجہ محبوب خان نے کہا کہ میاں محمد شہباز شریف نے اپنی خداداد صلاحیتوں سے پاکستانی قوم کو ایک آمر سے آزادی دلائی ہے جو ایک بہت بڑا کارنامہ ہے، میاں شہباز شریف عوام کے نجات دہندہ ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آمر عمران خان نیازی نے اپنے دور آمریت میں غرباء مساکین اور صحافیوں کی زندگیوں کو تباہ و برباد کر دیا تھا،لوگ خودکشیوں پر مجبور ہو گئے تھے، عابد فضل چشتی نے کہا کہ میاں شہباز شریف نے اپنے اقتدار کے پہلے دن سے ہی تنخواہوں میں اضافہ اور آٹا چینی کی قیمتوں میں کمی اور ادویات کی مفت فراہمی کا اعلان کر کے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مبینہ امریکن سازش کو فی الفور بے نقاب کیا جائے تاکہ عوام کو اصل حقائق کا علم ہو ،آمر عمران نیازی نے قوم کو نہ صرف تقسیم کر دیا بلکہ خارجہ محاذ پر بھی تنہا کر دیا ہے ،ڈاکٹر نعمان فرید نے کہا کہ پاکستان میں خوشگوار تبدیلی آئی ہے جس سے ملک ترقی کرے گا، ہمارے نزدیک سب سے اہم پاکستان ہے، پاکستان کی ترقی ہمارے لیے اولین ترجیح ہے، ہمیں امید ہے کہ میاں شہباز شریف اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کو ایشیا کا ٹائیگر بنائیں گے اور عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کریں گے، اوورسیز کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی لیں گے ،اوورسیز کا خیال رکھنا بھی حکومت کا فرض ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو چاہئے کہ وہ موجودہ حکومت کے ساتھ اپنا تعاون بڑھائیں، پاکستان کو مضبوط بنائیں تاکہ ایک خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔