برطانیہ میں وزیر اعظم کے دفتر ڈاؤننگ اسٹریٹ سے ترجمان نے فارن آفس منسٹر فار دی پیسیفک اینڈ دی انٹرنیشنل انوائرمنٹ زیک گولڈ سمتھ کے سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی حمایت پر کیے جانے والے ٹوئٹ پر ردعمل دیا ہے۔
برطانوی حکومت نے زیک گولڈ اسمتھ کے عمران خان کی حمایت میں کئے جانے والے ٹوئٹ سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔
بورس جانسن کے آفس میں موجود ترجمان سے سوال کیا گیا کہ کیا زیک گولڈ اسمتھ نے اپنے ٹوئٹ میں حکومت کی جانب سے بات کی؟
اس سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ ہم پاکستان کے سیاسی نظام کا احترام کرتے ہیں اور ہم اندرونی سیاسی معاملات اور سیاسی نظام میں مداخلت نہیں کریں گے۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ہمارے پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں اور ہم وہاں ہونے والی پیش ررفت کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔
ترجمان نے اس بارے میں کوئی بات نہیں کی کہ آیا زیک گولڈ اسمتھ کو یہ کہا جائے گا کہ وہ اپنی ٹوئٹ ہٹا دیں یا وضاحت کریں کہ انہوں نے ذاتی حیثیت میں یہ ٹوئٹ جاری کی۔
یاد رہے کہ جمائما کے بڑے بھائی زیک نے عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’عمران خان ایک اچھے اور مہذب آدمی ہیں، وہ عالمی سطح پر سب سے کم کرپٹ سیاستدانوں میں سے ایک ہیں۔‘
زیک گولڈاسمتھ نے پیشگوئی کی تھی کہ مجھے کوئی شک نہیں کہ وہ آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے واپس آئیں گے۔