اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق حکومت کے دباؤ کا مقابلہ کرنے اور الیکشن کمیشن کی بہتری کے مؤقف پر ڈٹے رہنے پر چیف الیکشن کمشنر ستائش کے مستحق ہیں، عمران خان کی سیاست اب ’’مجھے کیوں نہیں بچایا‘‘ کی مہم کے ساتھ اداروں کو نشانہ بنانے کی ہے۔ ایک بیان میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سابق حکومت کے دباؤ کا مقابلہ کرنے اور الیکشن کمیشن کی بہتری کے مؤقف پر ڈٹے رہنے پر چیف الیکشن کمشنر ستائش کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متنازع سے آئینی کردار میں منتقلی پر ہم تمام اداروں کی کاوشوں کی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست جھوٹ اور پروپیگنڈے پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام آگاہ ہیں کہ الیکشن کمیشن اور اس کے پی ٹی آئی حکومت کے منتخب کردہ چیف کو نشانہ بنانے کی عمران خان کی واحد وجہ یہ ہے کہ انہوں نے ادارے کو عمران خان کی ٹائیگر فورس میں بدلنے سے انکار کردیا ہے۔