لندن (پی اے) بھارتی بلینیئر مکیش امبانی یوکے ہائی سٹریٹ چین بوٹس کے ٹیک اوور کیلئے بولی کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ مسٹر امبانی سب سے بڑے شیئر ہولڈر اور ریٹیل ٹو انرجی گروپ ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین ہیں۔ ممبئی میں قائم ریلائنس ممکنہ بڈ کیلئے امریکی بائی آئوٹ فرم اپولو گلوبل مینجمنٹ کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ سال رواں کے اوائل میں والگرین بوٹس الائنس نے بوٹس کے کاروبار پر نظرثانی کا اعلان کیا تھا اور ممکنہ طور پر کمپنی کو فروخت کیلئے پیش کیا۔ اس معاہدے کے تحت بوٹس کو بھارت، سائوتھ ایسٹ مشرقی ایشیا اور مڈلایسٹ کے ساتھ ساتھ برطانیہ میں بھی بزنس کو فروغ دینے کا موقع ملے گا۔ پلان کے تحت ریلائنس اور اپولو بوٹس میں سٹیکس حاصل کریں گی، حالانکہ یہ واضح نہیں کہ آیا وہ کاروبار میں برابر شراکت دار ہوں گی ۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق بوٹس کے برطانیہ بھر میں 2200 سے زائد فارمیسیز، ہیلتھ سٹورز اور بیوٹی سٹورز ہیں، جن کی مالیت تقریباً 5 بلین پونڈ (7.5 بلین ڈالر) ہے۔ فنانشل ٹائمز نے یہ سٹوری پہلے رپورٹ کی تھی۔ وال گرین بوٹس الائنس نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا جبکہ ریلائنس نے فوری طور پر تبصرہ کیلئے بی بی سی کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔ 173 سال پرانی بوٹس کا مستقبل مہینوں سے سوالیہ نشان بنا ہوا ہے۔ جنوری میں اس کے یو کے بیسڈ اونر دی وال گرین الائنس نے کہا تھا کہ اس نے ان خطوط پر ریٹیلر کے سٹریٹیجک ریویو کا آغاز کر دیا ہے، جن کا حال ہی میں اعلان کردہ ترجیحات اور حکمت عملی میں کیا گیا تھا، اس میں امریکی ہیلتھ کیئر زیادہ فوکس بھی شامل تھا۔ کمپنی نے کہا کہ جب بوٹس کے مستقبل کا درست سمت اور تمام سٹیک ہولڈرز کیلئے صیحیح فیصلہ ہو جائے گا تو مزید اعلانات مناسب وقت پر کئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ برطانیہ کے سپر مارکیٹ گروپ ایسڈا کے اونر بھائیوں محسن اور زبیر عیسیٰ اور نجی ایکوٹی فرم ٹی ڈی آر کیپیٹل نے بھی بوٹس کیلئے ابتدائی بولی لگائی ہے۔