• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک چین دوستی دشمن قوتوں کو ہضم نہیں ہورہی‘ سینیٹر ثمینہ ممتاز

کوئٹہ (پ ر) پاک چین دو طرفہ تعلقات خراب کرنے کی ہر سازش ناکام بنا دی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتا ز زہری نے جامعہ کراچی میں چینی اساتذہ کی گاڑی پر خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے چینی اور مقامی افراد کی ہلاکت پر افسوس اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔ مذمتی بیان میں چینی قونصل جنرل اور چینی شہریوں سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی لازوال ہے اور اس پر کوئی دوسری رائے نہیں۔چینی شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ اور افسوس ہے۔ دہشت گردی کا واقعہ انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی اور سی پیک کی کامیابی دشمنوں سے ہضم نہیں ہو رہی اور اس طرح کے منفی ہتھکنڈوں سے پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی۔ دھماکے میں ہلاک ہونے والے چینی اور مقامی باشندوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے اور وہ پاکستان مخالف نام نہاد تنظیموں کو استعمال کر کے اورمقامی لوگوں کو ورغلا کر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے استعمال کررہا ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں اور یہ باور کرا نا چاہتے ہیں کہ ملکی سالمیت کے لئے ہر قسم کے اقدامات کئے جائیں گے اور جلد دشمنوں اور ان کے آلہ کاروں کو کیفر کردار تک پہنچا دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چند بھٹکے ہوئے نوجوانوں کو سمجھنا چاہئے کہ بھارت ہمارا دشمن ملک ہے اور وہ پاکستانیوںکا خیر خواہ نہیں اور دشمن انہیں صرف اپنے مقاصد کے لئے استعمال کررہاہے ۔پاکستانیوں کی بقاء پاکستان کی سالمیت اور سلامتی کے ساتھ جڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ناراض اور بھٹکے ہوئے لوگ قومی دھارے میں شامل ہو کر اپنی صلاحیتیں پاکستان اور اپنی ترقی و خوشحالی کے لئے صرف کریں ۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا اور سی پیک منصوبہ چین ہی کی مرہون منت ہے لیکن دشمن پاک چین دوستی کے درپے ہے اور اسے کمزور کرنا چاہتا ہے۔
کوئٹہ سے مزید