کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) ایف ایم ریڈیو کے ذریعے بہترین تعلیمی نشریات سے طلباء وتعلیمی حلقوں کے درمیان ربط و ہم آہنگی قائم ہوگی، دور حاضر میں ڈیجیٹل میڈیا اور ٹیکنالوجی کی اہمیت سے انکار ناممکن ہے، ماہرین تعلیم اور طلبہ کے درمیان ربط کو برقرار رکھنے اور دور دراز علاقوں تک بیوٹمز کی تعلیمی نشریات معاشرے میں تعلیمی سنگ میل ثابت ہونگی ۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر بیوٹمز پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیرٹی اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل فقیر افضل معصوم سے ملاقات میں بیوٹمز کے ایف ایم ریڈیو لائسنس کی دستاویزات وصول کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ پرو وائس چانسلر بیوٹمز ڈاکٹر میر وائس کاسی بھی موجود تھے۔وائس چانسلر بیوٹمز نے کہا کہ ایف ایم ریڈیو کے اجراء سے بیوٹمز کے تعلیمی منظر میں مزید کامیابیاں حاصل ہوں گی ہمارے میڈیا اور تعلقات عامہ کے طلباء کو جامعہ میں جدید طرز کے اسٹوڈیو اورنشریاتی تربیت تک رسائی حاصل ہوگی اور وہ ڈگری مکمل ہوتے ہی عملی صحافت میں تجربہ کار صحافی اور براڈ کاسٹرز شمار ہوں گے۔ انہوں نےبیوٹمز کے ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ اور پبلک ریلیشن ڈیپارٹمنٹ کے اساتذہ و افسران کو بہترین نشریات مرتب کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے بہترین اساتذہ اور تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں پر مبنی پروگرامز کےذریعے بیوٹمز اور گرد نواح میں ایف ایم ویڈیو کی بہترین کوریج کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس سہولت کے ثمرات معاشرے تک پہنچیں۔