کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام زرعی یونیورسٹی کے بلڈنگ کو نیوٹیک کے حوالے کرنے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی تفصیلات کے مطابق پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن ضلع کوئٹہ زرعی یونیورسٹی کوئٹہ کی بلڈنگ کو نیوٹیک کے حوالے کرنے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔ احتجاجی ریلی میں پشتونخوا ایس او کے مرکزی سینئر آرگنائزر سید زین اللہ ،زونل آفس آرگنائزر زبیر ترین اور زونل آرگنائزنگ کمیٹی کے دیگر ارکین سمیت ضلع کوئٹہ سیکرٹری یارمحمد بریال سمیت سینکڑوں طلبہ نے شرکت کی ۔احتجاجی مظاہرے سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے اس تعلیم دشمن فیصلے کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ جلد سے جلد یہ فیصلہ واپس لیا جائے اور زرعی یونیورسٹی کو ہنگامی بنیادوں پر فعال کیا جائے۔ مقررین نے کہا کہ ونئی تعلیمی درسگاہیں تعمیر کرنے، تعلیمی اداروں، کالجز اور یونیورسٹیوں میں جدید علمی تحقیق کے مراکز بنانے ،طلبہ و طالبات کیلئے تعلیمی اداروں میں سہولیات مہیا کرنے کے برعکس فارم 47کی حکومت پہلے سے بنائے ہوئے جامعات ،ان کی حیثیت کو ختم کرنے اور جاری علمی سلسلے کو سبوتاژ کرنے کے علم دشمن اقدامات میں مصروف ہے ۔ مقررین نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں سینکڑوں سرکاری و غیر سرکاری بلڈنگز پہلے سے موجود ہیں حکومت کو چاہیے کہ نیوٹیک ادارے کو وہاں پر منتقل کرے۔