• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیارے بچو !جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ رمضان مبارک کا مقدس مہینہ ختم ہورہا ہے۔ "عید الفطر" نے دروازے پر دستک دے دی ہے۔ اس تہوار کی رونق اور خوشی کا کوئی متبادل نہیں۔ عید کا نام آتے ہی کیا بچے، کیا جوان اور بزرگ، سب کے چہرے کھل اٹھتے ہیں۔ یہ خوشی ایک ماہ کی عبادت کے بعد میسر ہوتی ہے۔ جسے انعام کا دن کہا جاتا ہے۔

اس کی آمد کا اعلان وہ چاند کرتا ہے جس کو ہم’عید کا چاند ‘ کہتے ہیں۔ عید نام ہے خوشیاں منانے کا، دوستوں سے عزیزوں سے ملنے کا، روٹھوں کو منانے کا، بچھڑوں کو ملانے کا، صلہ رحمی کا، رنجش دور کرنے کا۔ عیدالفطر کے پر مسرت موقع پر جو آپس میں کسی وجہ سے ناراض ہیں، ان کو ایک دوسرے سے صلح کر لینی چاہیے۔ ایک دوسرے سے بغل گیر ہونا چاہیے۔ 

 عید کے دن دل میں کوئی رنجش نہ رکھیں۔ ماں باپ کی کوئی نافرمانی ہوئی ہو تو معافی مانگ لیں۔ اپنے چھوٹے بہن بھائیوں سے پیار محبت سے پیش آئیں۔ بچوں کے چہرے اس دن خوشی سے روشن ہوتے ہیں، اپنے بڑوں سے عیدی کے لیے تقاضے کرتے ہیں۔ ہر آنگن خوشی سے جھوم اٹھتا ہے۔ اپنی خوشی میں غریبوں، یتیموں، بے سہارا لوگوں کو بھی شامل کریں اور سب کے ساتھ خوشیاں، محبتیں اور مسکراہٹیں بانٹیں۔ اس خوشی کے موقع پر اپنے غریب مسلمان بھائیوں کو بھی نہ بھولیں، حسب توفیق انہیں بھی اپنی عید کی خوشیوں میں ضرور شریک کریں۔ یااللہ عید کے اس خوشی کے دن ہر مومن کا دامن خوشیوں سے بھر دے ۔ امین

مسرت راشدی

انچارج صفحہ بچوں کا جنگ