صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد میں چین کے سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کراچی دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کی۔
اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی قوم اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور صدمے میں ہے، ہم چینی بھائیوں اور بہنوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان چینی شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے پیچھے ایسے ممالک ہیں جو پاک چین دوستی اور سی پیک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
پاکستان میں چین کی ناظم الامور نے چین کے عوام اور حکومت سے اظہارِ یکجہتی پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔
صدر مملکت عارف علوی نے چینی سفارتخانے کی وزیٹر بُک میں تاثرات بھی تحریر کیے۔