برسلز( حافظ اُنیب راشد ) یورپی یونین، بلجیم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستانی سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے کہا ہے کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن ہر مقابلے سے حاصل کردہ تجربہ کھلاڑی کیلئے زندگی بھر کا اثاثہ بن جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپ کے دورے پر آئی ہوئی پاکستان کی فیلڈ ہاکی ٹیم اور اس کے ذمہ داران سے ملاقات کے دوران کیا۔ یہ ملاقات پاکستانی ٹیم سے پاک بلجیم ہاکی میچ کے بعد ہوئی۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستانی ٹیم کے کھیل کی زبردست تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی کے ورلڈ چیمپئن سمیت مختلف ممالک کے ساتھ کھیلے گئے یہ میچ پاکستانی ٹیم کو بڑے مقابلوں کی تیاری میں اہم کردار ادا کریں گےاور کھلاڑیوں کی تربیت میں معاون ہونگے۔اسی میچ کے دوران سفیر پاکستان سے اپنے دور میں جرمنی کے مایہ ناز کھلاڑی سٹیفن بلوخر سے بھی ملاقات ہوئی جو پاکستانی ٹیم کا میچ دیکھنے اور اسے سپورٹ کرنے کیلئے جرمنی سے خصوصی طور پر آئے تھے۔ اس موقع پر ہیڈ کوچ سمیت پاکستانی آفیشلز نے بتایا کہ پاکستانی ٹیم اپنی صلاحیتوں میں مزید نکھار کیلئے اس دورے کے علاوہ بھی دیگر یورپین ٹیموں سے ان کی یا پاکستانی سرزمین پر کھیلنے کی خواہش مند ہے۔ جس سے کھلاڑیوں کی مزید تیکنیکی تربیت ممکن ہو سکے گی۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر کے ہمراہ سفارت خانے کے دیگر افسران اور مقامی کمیونٹی سے ملک اجمل اور دیگر بھی موجود تھے۔