• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکہ کی پلاٹینیم جوبلی پر ہیری اور انڈریو بکنگھم پیلس کی بالکونی پر نمودار نہیں ہونگے

لندن (پی اے) ملکہ کی پلاٹینیم جوبلی کی افتتاحی تقریب کے آغاز پر ہیری اور انڈریو بکنگھم پیلس کی بالکونی پر نمودار نہیں ہوں گے۔ بکنگھم پیلس کا کہنا ہے کہ2جون کو ملکہ شاہی خاندان کے صرف ان افراد کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی جو سرکاری فرائض اداکر رہے ہیں۔ بالکونی پر نمو دار نہ ہونے کے باوجود شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھان ملکہ کی تاجپوشی کی جوبلی پر پورے برطانیہ کا دورہ کریں گے۔96سالہ ملکہ بھی جوبلی کی بعض تقریبات میں شرکت کا ارادہ رکھتی ہیں لیکن ان کی شرکت کی وقت سے قبل بلکہ شرکت والے دن میں بھی تصدیق نہیں کی جائے گی۔ آمدورفت میں مشکل پیش آنے کی وجہ سے حالیہ مہینوں کے دوران کئی مواقع پر ان کی شرکت کو منسوخ کرنا پڑا تھا۔ ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ وہ جوبلی میں شرکت کیلئے اپنے دونوں بچوں آرچی اور للی بٹ کے ساتھ برطانیہ آرہے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ وہ دونوں ملکہ کی پلاٹینیم جوبلی کی تقریبات میں شرکت کا اعزاز ملنے پر بہت خوش ہیں۔ ملکہ کی تاجپوشی کے 70 سال بعد منائی جانے والی پلاٹینیم جوبلی کی تقریبات کے سلسلے میں 2 سے 5 جون تک 4 روز بینکوں کی تعطیل رہے گی۔اس بات پر قیاس آرائیاں جاری ہے کہ جوبلی کے موقع پر کون کون بالکونی میں نمودار ہو کر فلائی پاسٹ، لوگوں کے ہجوم کا نظارہ کرے گا۔پبس بعد میں کھل جائیں گے لیکن پلاٹینیم جوبلی کے موقع پر ڈربی ریس میں ملکہ کے گھوڑے کی شرکت کو خارج الامکان قرار دیا گیا ہے، قدیم درختوں کو ملکہ کی جوبلی کیلئے معنون کیا گیا ہے۔ بالکونی پر صرف سرکاری فرائض انجام دینے والوں اور ان کے بچوں کے نمودار ہونے کے فیصلے سے ان کی اصول پسندی کا اظہار ہوتا ہے، بالکونی پر شہزادہ ویلز اور ڈچز آف کارن وال اور ڈیوک اور ڈچز آف کیمبرج اپنے بچوں کے ساتھ نظر آئیں گے۔ بالکونی پر ارل اور کائونٹیس آف ویسکس اور ان کے بچے اور شہزادی این اور ان کے شوہر سر ٹموتی لارنس، ڈیوک اور ڈچز آف گلوسیسٹر، ڈیوک آف کینٹ اور شہزادی الیگزنڈرا بھی ملکہ کے ساتھ ہوں گے۔ شہزادہ ہیری اور شہزادہ اینڈریو اور ان کے بچے بالکونی پر ملکہ کے ساتھ نہیں ہوں گے لیکن جوبلی کی دیگر تقریبات میں شرکت کرسکیں گے۔ جوبلی کی موقع پر جن تقریبات میں ملکہ کی شرکت متوقع ہے ان میں سینٹ پال کیتھڈرل میں شکرانے کی قومی سروس شامل ہے لیکن اگر ملکہ اس میں شریک ہوئیں تو انھیں لے جانے کیلئے روایتی جلوس نہیں نکالا جائے گا، ملکہ کا اپسم ڈربی دیکھنے کا بھی ارادہ ہے جو 4 جون کو ہوگی۔ پلاٹینیم جوبلی کے موقع پر سنہری بگھی بھی ایک دفعہ پر نظر آئے گی، 18ویں صدی کی یہ بگھی گھوڑے کھینچتے ہیں، گزشتہ 20 سال سے زیادہ عرصے سے یہ بگھی لندن کی سڑکوں پر نظر نہیں آئی ہے۔

یورپ سے سے مزید