• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو کا حد بندی کمیشن رپورٹ مسترد کرنا خوش آئند ہے، زاہد مغل

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے انفارمیشن سیکرٹری زاہد مغل نے موجودہ حکومت کی جانب سے کشمیر کے حوالے سے دو ٹوک موقف پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری کا مقبوضہ کشمیر میں حد بندی کمیشن کی رپورٹ کو مسترد کرنے کے حوالے سے پارلیمنٹ میں بیان خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر کےحوالے سے سازشیں کر رہا ہے،جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے بھی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کولکھے گئے خط پرخراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنا عہدہ سنبھالتے ہی 10مئی 2022کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سیکورٹی کونسل کو باضابطہ خط تحریر کیا ہے، جس میں انہوں نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں کشمیر میں غیر قانونی طور پر جاری انتخابی حد بندیوں کا معاملہ اٹھایا ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سےبھارت مسلمانوں کی نمائندگی کاحق چھین رہا ہے جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔بھارت کھلم کھلا انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کو ان کےبنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ بھارت اس لئے کر رہا ہے تا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں ایک مرتبہ پھر بھارت کی مرضی کی کٹھ پتلی حکومت قائم ہو سکے، بھارت کے اس طرح کے غیر قانونی اقدامات بی جے پی اور آرایس ایس کا گٹھ جوڑ ہیں اور وہ اپنی ہندوتوا سوچ کو فروغ دےرہے ہیں۔ بھارت پورے مقبوضہ جمو ں کشمیر میں ہندؤوں کی آباد کاری کر کے مسلمانوں کی اکثریت کوختم کرتا جا رہا ہے۔ بھارت نے اسی لئے مقبوضہ جموں کشمیر میں جغرافیائی تبدیلیاں کرنے کا گھناؤنا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نےپاکستان کے وزیر خارجہ کے خط کو انتہائی اہمیت کا حامل خط قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وزیر خارجہ نےجس بھرپور انداز میں کشمیری قوم کی آواز کو اقوام متحدہ میں اپنے خط کے زریعے بلند کیا ہے وہ قابل تعریف ہے اور ہم اپیل کرتے ہیں کہ پاکستانی وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تمام ممبرممالک سے اپیل کریں کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کا دورہ کریں اور خودحقائق کا جائز ہ لیں۔ راجہ نجابت حسین نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کے مقبول ترین رہنماؤں جن میں یاسین ملک شامل ہیں کو غیرقانونی طور پر حراست میں لے رکھا ہے اور مقبوضہ جموں کشمیر میں انتخابی حد بندیاں غیر قانونی طور پرجاری ہیں،دوسری جانب انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ بھی تھم نہیں سکا ہے، خواتین، بچوں، بوڑھوں اور نوجوانوں کی زندگیوں کو شدیدخطرات لاحق ہو چکے ہیں۔راجہ نجابت حسین نے پاکستانی وزیر خارجہ سے اپیل کی ہے کہ وہ دنیا کےمختلف ممالک کا دورہ کر کے مسئلہ کشمیر کی سنگینی کو خود تمام ممالک کی پارلیمنٹس اور سیاستدانوں کے ساتھ شیئر کریں اور مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے دو ٹوک موقف کی بین الا اقوامی حمایت حاصل کریں تاکہ بھارت پر دباؤ بڑھا کر مقبوضہ جموں کشمیر کے عوا م کو بھارتی ناجائز قبضے اور تسلط سے آزادی دلوائی جا سکے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق حل کروایا جا سکے۔راجہ نجابت حسین نے پاکستانی وزیر خارجہ کو مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں بین الاقوامی لابی متحرک کرنے کیلئے اپنی اور اپنی پوری ٹیم کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کروا ئی۔
یورپ سے سے مزید