لاہور(ٹی وی رپورٹ)منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم اوروزیراعلی پنجاب پر 14 مئی کو فرد جرم عائد ہوگی، ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اوردیگرکا ٹرائل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایف آئی اے نے وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کا ٹرائل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اسپیشل جج سینٹرل کورٹ اعجاز حسن اعوان نے ایف آئی اے پراسکیوٹر کی درخواست پر تحریری حکم جاری کر دیا۔عدالت نے ایف آئی اے پراسکیوشن ٹیم کی درخواست کو ریکارڈ کا حصہ بنا دیا۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس کی 11 اپریل کوسما عت کے بعد ایف آئی اے کے اسپیشل پراسکیوٹرنے ٹرائل میں عدم دلچسپی کی درخواست دائرکی۔
اسپیشل پراسکیوٹر ایف آئی اے سکندر ذوالقرنین نے کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے نے تفتیشی افسر کے ذریعے شہباز شریف کیخلاف پیش نہ ہونے کا کہا۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وزیراعظم اور وزیر اعلی بننے کے باعث پراسکیوشن کو پیش ہونے سے روکا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی اے کے متعلقہ حکام نے شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت دیگر کیخلاف ٹرائل میں عدم دلچسپی ظاہر کی۔