• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میثاق معیشت واحد حل، بصورت دیگر پاکستان دیوالیہ ہوسکتا ہے، قیصر شیخ

اسلام آباد (مہتاب حیدر) ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی قیصر شیخ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ میثاق معیشت واحد حل ہے بصورت دیگر پاکستان دیوالیہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل پر کڑی تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ منتخب ایم این ایز میں سے کسی کو وزیر خزانہ کیوں نہیں بنایا جاسکتا؟ تفصیلات کے مطابق، ن لیگ رہنماء قیصر شیخ نے غیرمنتخب وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ معاشی محاذ پر درپیش مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ملک بحرانی صورت حال کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کی وجہ سے ملک میں خانہ جنگی کے خطرات ہیں۔ نیوز کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ڈالر اب 193.50 روپے کا ہوچکا ہے۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں بھی تقریر کی تھی لیکن اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ن لیگ کی موجودہ قیادت پر تنقید نہیں کررہے کیوں کہ ان کا ماننا ہے کہ شریف برادران معاشی محاذ پر اچھی کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ قیصر شیخ کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں بھی اس رائے کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ غیرمنتخب وزیر خزانہ کی مخالفت اس وقت بھی کررہے تھے جب شوکت ترین کو وزیر خزانہ بنایا گیا تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ منتخب ایم این ایز میں سے کسی کو وزیر خزانہ کیوں نہیں بنایا جاسکتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کی وجوہات تلاش کرنا ضروری ہے کہ آخر کیوں خطے کے تمام ممالک معاشی لحاظ سے آگے ہیں۔ انہوں نے بھارت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس نے 41 ارب ڈالرز کی غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری حاصل کی لیکن پاکستان صرف 1.5 ارب ڈالرز حاصل کرسکا۔ انہوں نے تجویز دی کہ آئندہ بجٹ میں طبقہ اشرافیہ پر براہ راست ٹیکس میں اضافہ کیا جانا چاہیئے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انتخابات سے کوئی حل نہیں نکلے گا کیوں کہ ہارنے والی جماعت کی جانب سے نتائج قبول نہ کرنے کی صورت میں موجودہ بحرانی صورت حال مزید ابتر ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ واحد حل میثاق معیشت کا معاہدہ ہے بصورت دیگر ملک کے دیوالیہ ہونے کا قوی امکان ہے۔

ملک بھر سے سے مزید