• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرمی کی شدت اور فضائی آلودگی میں اضافہ شہریوں کیلئےسنگین مسئلہ بن گیا

فیصل آباد (شہباز احمد) تیزی سے بڑھتے ہوئی آبادی اور صنعتوں کی وجہ سے شہر میں گرمی کی شدت اور فضائی آلودگی ایک سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے۔ ان مسائل پر قابو پانے کے لئے شہر کے وسط میں واقع ریلوے مال گودام کی تقریباً 50 ایکڑ وسیع اراضی کو اربن فارسٹ لگانے کے لئے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ علاقہ شہر کے مرکزی کاروباری علاقے گھنٹہ گھر کے آٹھ بازاروں، ٹاٹا بازار، غلہ منڈی اور راجباہ روڈ کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے اربن فاریسٹ کے ماحول دوست منصوبے کے لئے آئیڈیل مقام ہے۔ فی الوقت یہ اراضی اس پر قائم غیر قانونی ٹرک اڈوں کی طرف سے ٹرکوں کی پارکنگ کے لیے استعمال ہو رہی ہے جس سے ناصرف اس علاقے کے رہائشیوں کو آمد ورفت کے مسائل درپیش ہیں بلکہ ٹریفک جام اور آلودگی کے مسائل میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اگر ضلعی انتظامیہ اس اراضی پر ریلوے حکام کی اجازت سے پی ایچ اے، لوکل گورنمنٹ اور ماحولیاتی تنظیموں کی مدد سے نیم، بکائن، پیپل اور برگد کے سایہ دار درختوں پر مشتمل ایک اربن فارسٹ لگا دے تو یہ جگہ اندرون شہر "آکسیجن فیکٹری" بن سکتی ہے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ برسات کا موسم شروع ہو چکا ہے اور اس موسم میں شجرکاری نسبتاً آسان ہو جاتی ہے۔ اس لئے اگر پتوکی یا شہر میں موجود نرسریوں سے بڑے سائز کے مقامی پودے اس اراضی پر لگا دیئے جائیں تو نہ صرف آکسیجن کی پیداوار بڑھے گی بلکہ شہریوں، راہگیروں اور مزدوروں کو ایک سایہ دار پناہ گاہ بھی میسر آ جائے گی اور شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہو گا۔
ملک بھر سے سے مزید