• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیو فلم ”دیمک“ کا عالمی اعزاز، شنگھائی فلم فیسٹیول میں شمولیت

کراچی (جنگ نیوز) پاکستانی سینما کی مشہور و معروف ہارر فلم ”دیمک“کو ایک بڑے اعزاز سے نوازا گیا ہے، فلم کو شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) فلم فیسٹیول 2025میں باضابطہ طور پر مدعو کرلیا گیا ہے۔ یہ فیسٹیول 3تا 7جولائی 2025کو یونگچوان، چونگچنگ(چین) میں منعقد ہوگا۔ فلم فیسٹیول شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت چین کی میزبانی میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد خطے کی 10 رکن ریاستوں اور 2 مبصر ممالک کے درمیان ثقافتی اشتراک اور فلمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ ”جیوفلمز“کے بینر تلے بنائی گئی فلم ”دیمک“کو اس فیسٹیول میں خطے کی دیگر فلموں کے ساتھ پیش کیا جائے گا جہاں فلمی نمائشوں، مقابلوں اور بین الاقوامی تعاون پر مبنی اجلاس بھی منعقد کئے جائیں گے۔ یہ فیسٹیول چائنا فلم ایڈمنسٹریشن اور چونگچنگ میونسپل پیپلز گورنمنٹ کے اشتراک سے منعقد کیا جارہا ہے۔ فلم کے ہدایتکار رافع راشدی کو اس فیسٹیول خصوصی طور شرکت کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔ اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ یہ فلم ہمارے لیے باعثِ فخر ہے کہ’’دیمک‘‘کو ایک عالمی پلیٹ فارم پر پاکستانی سینما کی نمائندگی کا موقع ملاہے۔ جنوبی ایشیائی داستانوں اور وحشت پر مبنی کہانیوں کو جس طرح سے عالمی پذیرائی مل رہی ہے، وہ اس انتخاب کا ثبوت ہے۔”مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ“ کے تحت پاکستان بھر میں ریلز کی جانے والی فلم ”دیمک“ملک بھر میں کامیابی کے جھنڈے گاڑھنے کے بعد اب بین الاقوامی فلمی میلوں میں بھی شاندار پذیرائی حاصل کررہی ہے۔ یاد رہے کہ ”جیوفلمز“ اس سے قبل بھی کئی شاہکار فلمیں ”خدا کے لیے، بول، طیفا اِن ٹربل، دی لیجنڈآف مولا جٹ، ڈونکی کنگ اور دی گلاس ورکر“ پیش کر چکا ہے۔
ملک بھر سے سے مزید