اب تک ماہرین متعدد ڈیزائن کے ڈرونز تیار کرچکے ہیں ۔اب بیگ میں سماجانے والا ڈرون تیار کیا ہے جو 15 کلوگرام وزن اٹھا کر ایک گھنٹے ہموار انداز میں پرواز کرسکتا ہے۔ یہ ڈرون کیلی فورنیا کی ریئل ٹائم روبوٹکس کمپنی نے اسے تیار کیا ہے۔ اس سے قبل اتنا وزن اُٹھانے والے سارے ڈرون بہت بڑے اور بھاری بھرکم تھے لیکن اب خاص کاربن ڈھانچے پر مشتمل ایک ڈرون تیار کیا گیا ہے جسے بیگ میں رکھ کر باآسانی کہیں بھی لے جاسکتے ہیں ۔ یہ ڈرون حادثات میں مدد، ادویہ اور خوراک پہنچانے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ اس کا کاربن فائبر ڈھانچہ جدید انداز میں بنایا گیا ہے۔
اس کے پروپیلر بازو ایک خاص انداز سے فولڈ ہوکرسکڑ جاتے ہیں اور کم جگہ کی بنا پر ایک بیگ میں سماسکتے ہیں۔ اب تک اس طرح کے جتنے ڈرون بنائے گئے ہیں ان کے مقابلے میں اس ڈرون کی وزن اٹھانے کی صلاحیت ڈھائی گنا زائد ہے۔ایک ہی وقت میں اس پر کئی طرح کے کیمرے اور سینسر لگائے جاسکتے ہیں جن میں بصری، تھرل، کورونا اور لیڈار یونٹ شامل ہیں ۔ ڈرون اپنے آپریٹر سے مسلسل رابطے میں رہتا ہے ۔ اس پر نصب 29400 ایم اے ایچ بیٹری ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد لگ بھگ ایک گھنٹے تک چلتی رہتی ہے۔فی الحا ل اس کی قیمت 25000ڈالر رکھی گئی ہے ۔